یاسرحسین کی ویب سیریز کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا میں انٹری

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2017
آمنہ الیاس اور یاسر حسین — ۔ فائل فوٹو
آمنہ الیاس اور یاسر حسین — ۔ فائل فوٹو

اپنی مزاحیہ اداکاری سے پہچانے جانے والے پاکستانی اداکار یاسر حسین نے ویب سیریز کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا میں قدم رکھ دیا۔

فلم ’کراچی سے لاہور‘ کے اداکار یاسر تین دوستوں کی کہانی پر مبنی ویب سیریز ’کالا بچھو‘ میں کام کریں گے، جس کی کہانی بلاول عباسی نے تحریر کی اور وہی اس کی پروڈکشن اور ہدایت دے رہے ہیں۔

یاسر حسین نے اس حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بلاول میرا بہت اچھا اور پُرانا دوست ہے، جب بھی انہوں نے کوئی پروجیکٹ کیا، میں اس کا حصہ ضرور بنا ہوں، اس بار وہ ایک ویب سیریز بنا رہے ہیں، میں تھیٹر، فلم اور ٹی وی میں کام کرچکا ہوں اور یہ ویب سیریز میرے لیے بالکل نئی ہے، میں یہ کرنا چاہتا ہوں‘۔

یاسر کے مطابق یہ ویب سیریز 3 دوستوں کے روڈ ٹرپ پر بنائی گئی ہے، جو فلم 'کراچی سے لاہور' جیسی نہیں، اس سیریز میں یہ دوست ایک کالے بچھو کی تلاش میں مصروف ہوتے ہیں۔

لیکن یہ کالا بچھو وہ نہیں جسے لوگ سندھ میں تلاش کرکے انٹرنیشنل مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے، بلکہ اس میں 'کالے بچھو' کو دوستوں کے درمیان پائے جانے والے حسد سے تشبیہ دی گئی ہے۔

اس ویب سیریز کی ریلیز تاریخ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا، اداکار کے مطابق اس کی ایک دن کی شوٹنگ رہ گئی ہے، جس کے بعد اس کی پروڈکشن پر کام کیا جائے گا۔

اس سیریز میں یاسر حسین کے علاوہ عبداللہ فرحت اللہ، آمنہ الیاس اور اشتیاق رسول بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

اس کی پروڈکشن فلم ’کراچی سے لاہور‘ کے ہدایت کار وجاہت رؤف کررہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں