Dawn News Television

شائع 25 فروری 2019 08:12pm

ریحام خان کے پاکستان میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ

پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کے پاکستان میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی وزیر صوبائی اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان ریحام خان کے بھارتی چینل پر دیے گئے پاکستان مخالف بیان کو جھوٹ اور پاکستان کے وقار کے منافی سمجھتا ہے۔

— فوٹو: عمر فاروق

متن میں کہا گیا کہ ایوان یہ بھی سمجھتا ہے کہ ریحام خان ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان کے خلاف بھارت سے مل کر مہم چلارہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ریحام خان ایک بار پھر تنازع کی زد میں

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ ’ پاکستان میں ریحام خان کا داخلہ ممنوع قرار دیا جائے اور ان کے ہر قسم کے بیان، انٹرویو اور خبر نشر کرنے پر پابندی عائد کی جائے ‘۔

خیال رہے کہ ریحام خان نے چند روز قبل مختلف بھارتی چینلز پر پلوامہ حملے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جنوری 2015 میں ریحام خان سے شادی کی تھی اور 10 ماہ بعد اکتوبر 2015 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

ریحام خان برطانوی نشریاتی ادارے میں خدمات انجام دینے کے علاوہ مختلف پاکستانی چینلز میں بھی نیوز اینکر رہ چکی ہیں۔

Read Comments