Dawn News Television

شائع 14 مارچ 2019 03:29pm

کک باکسنگ چیمپیئن شپ: سندھ پولیس کے کمانڈو نے بھارتی حریف کو شکست دے دی

سندھ پولیس کے کمانڈو کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے بین الاقوامی کک باکسنگ چیمپیئن شپ میں بھارت کو شکست دے دی۔

چوتھی انٹرنیشنل مارشل آرٹ/کک باکسنگ چیمپیئن شپ بنکاک میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی نمائندگی سندھ پولیس کے ایس ایس یو کمانڈو خان سعید نے کی۔

پہلے راؤنڈ میں خان سعید نے 2 منٹ کے اندر مارشل آرٹس کی تکنیک کو بہترین اور عمدہ طریقے سے استعمال میں لاتے ہوئے انتہائی معیاری کھیل پیش کیا اور بھارت کے کھلاڑی تیجاسوی واسو شیمہ کو شکست سے دوچار کر کے کامیابی اپنے نام کی۔

ایس ایس یو کمانڈو خان سعید نے اپنی جیت کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے گزشتہ روز کک باکسنگ مقابلے میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کو شکست دی تھی۔

آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے بین الاقوامی مارشل آرٹ/کک باکسنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان اور سندھ پولیس کی نمائندگی کرنے والے ایس ایس یو کمانڈو خان سعید کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور نقد انعام کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ خان سعید ماضی میں مارشل آرٹس کے عالمی چیمپیئن رہنے کے ساتھ ساتھ متعدد مقامی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔

Read Comments