Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 مارچ 2019 01:21am

پاکستان سمیت دنیا بھر میں رنگوں کا تہوار ’ہولی‘

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری رنگوں کا تہوار 'ہولی' منا رہی ہے، ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے دوست اور احباب کو مختلف رنگ لگا کر اس دن کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

سرخ، پیلے، نیلے اور سبز جیسے خوبصورت رنگوں کا یہ تہوار بچوں اور بڑوں سب کا پسندیدہ تہوار ہے۔

2 روزہ ہولی کے تہوار کو ہندو برادری کے افراد ہر سال فروری اور مارچ کے درمیان کی تاریخوں میں مناتے ہیں اور ہندو کیلنڈر کے مطابق چاند کے مکمل ہونے پر اس تہوار کا آغاز کیا جاتا ہے۔

تہوار کا آغاز ایک رات قبل آگ جلا کر کیا جاتا ہے، ہندو برادری کا ماننا ہے کہ وہ اس آگ میں اپنی تمام برائیوں کو جلا کر ختم کرتے ہیں۔

اگلے روز موسم بہار کی آمد اور نئی فصل کی آنے کی خوشی میں ہولی کا تہوار منایا جاتا ہے اور رنگوں سے کھیلا جاتا ہے۔

ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے مطابق وہ اس روز اپنے چاہنے والوں کے گھر بھی جاتے ہیں اور انہیں اس دن کی مبارکباد دیتے ہیں۔

Read Comments