Dawn News Television

شائع 26 مارچ 2019 01:23am

باجوڑ کی تحصیل خار میں تھری جی سروس کا آغاز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبائلی علاقہ جات کو قومی دھارے میں لانے کے حوالے سے ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے اور باجوڑ کی تحصیل خار میں پیر سے تھری جی سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں جنہیں فاٹا کے نام سے جانا جاتا تھا، کو قومی دھارے میں لانے کے لئے ایک اور وعدہ پورا کرلیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ جمعہ کو ایک جلسہ عام میں انہوں نے باجوڑ کے لوگوں سے 3 جی سروس کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا چنانچہ اس وعدے کو پورا کرتے ہوئے باجوڑ کی تحصیل خار میں آج سے 3 جی سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم عمران خان نے باجوڑ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں سے ملنے والا 3 فیصد حصہ قبائلی علاقوں میں ترقی کے لیے خرچ کرے گی۔

مزید پڑھیں: ’این ایف سی ایوارڈ سے ملنے والا 3 فیصد حصہ قبائلی علاقوں پر خرچ کریں گے‘

انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں انٹرنیٹ لانے سے متعلق جوش دیکھ کر خوشی ہوئی،باجوڑ کے نوجوان شعور رکھتے ہیں، اسلام آباد پہنچتے ہی محمود خان سے رابطہ کرکے آپ کو انٹرنیٹ پہنچانے کی کوشش کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جنگ کی وجہ سے تباہی ہوئی ابھی بھی بڑی تعداد میں گھر اور دکانیں گری ہوئیں ہیں ایک فیصلہ ہوا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ سے تمام صوبے اپنے حصے سے 3 فیصد پیسہ قبائلی علاقے کو دیں گے۔

Read Comments