Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 اپريل 2019 03:17pm

جنوبی وزیرستان: سیلاب میں گاڑی بہنے سے 2 بچوں سمیت 8 جاں بحق

خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئے خلہ میں باراتیوں کی گاڑی سیلاب میں بہنے سے 6 خواتین اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔

ضلعی انتظامیہ کے حکام کے مطابق باراتیوں کی گاڑی وانا سے زرمیلن جارہی تھی کہ توئے خلہ کے علاقے میں سیلاب میں بہہ گئی۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں سیلاب، طوفانی بارشوں سے 19 افراد جاں بحق

حکام کے مطابق گاڑی کے سیلاب میں بہنے سے اس میں سوار 6 خواتین اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 بچے لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جارہی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو سیلاب سے نکال لیا گیا جبکہ پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ لاپتہ افراد کی تلاش کر رہی ہے۔

دوسری جانب قبائلی علاقوں میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصان سے متعلق خصوصی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق وانا کی تحصیل ووچھا خرہ میں ایک بچہ سیلاب میں ڈوب گیا، جس کی لاش لیویز اہلکاروں نے نکال لی، بچے کی شناخت افسر منگل خان کے نام سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال

اسی طرح ایک اور واقعے میں اسی تحصیل میں ایک کار ڈوب گئی، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ وانا بازار میں سیلاب کے باعث متعدد دکانیں بھی تباہ ہوگئی۔

علاوہ ازیں وانا کی مقامی انتظامیہ نے کسی بھی واقعے سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

Read Comments