Dawn News Television

شائع 19 اپريل 2019 05:52pm

’سیاست کرکٹ نہیں کہ 8 ماہ کی تباہی کے بعد ٹیم بدل دی‘

پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے عمران خان نے پی پی پی کے وزیرخزانہ کو منتخب کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اعتراف کرلیا کہ 8 ماہ تک وزیروں کی کارکردگی صفر رہی۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ سیاست کرکٹ نہیں کہ 8 ماہ کی تباہی کے بعد ٹیم بدل دی، جس ٹیم کی بنیاد پر ووٹ لیے، عمران خان نے اسی ٹیم کو بدل دیا۔

مزید پڑھیں: ملک کیلئے فائدہ مند نہ ہونے والے وزرا کو تبدیل کردوں گا، عمران خان

پی پی رہنما نے کہا کہ اگر پی پی کی معاشی پالیسیاں غلط تھیں تو پی پی دور کے وزیرخزانہ کو کیوں منتخب کیا گیا؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں 10 برسوں کا ریکارڈ قرضہ لیا گیا، اپنی نااہلی چھپانے کے لیے عمران خان اپوزیشن پر الزام لگارہے ہیں۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ چھترول کا اعلان کرنے کو وزیر داخلہ بنانا عمران خان کی تشدد انگیز ذہنیت کی عکاس ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اورکزئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو وزیر ملک کے لیے ٹھیک نہیں ہوگا اسے تبدیل کردوں گا، میں نے ٹیم کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا ہے، اس وزیر کو لاؤں گا جو ملک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ کئی مرتبہ بیٹسمن کو اوپر، نیچے کھلانا پڑتا اور کبھی نئے کھلاڑی کو ٹیم میں لانا پڑتا ہے، جو کپتان ہوتا ہے، اس کا مقصد صرف ٹیم کو جتانا ہوتا ہے اور وزیر اعظم کا بھی ایک مقصد ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری سمیت کئی وزرا کے قلمدان تبدیل

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد ہے کہ میں اپنی قوم کو جتاؤں، میں اللہ کو جوابدہ ہوں، اللہ مجھ سے چاہتا ہے کہ میں ملک کے کمزور لوگوں کو اٹھاؤں یہ میرا مقصد ہے، اس کےلیے ابھی اپنی ٹیم میں تھوڑی تبدیلی کی ہے اور میں آگے بھی کروں گا۔

تمام وزرا کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ جو میرے ملک کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگا، اسے تبدیل کرکے وہ وزیر لاؤں گا جو ملک کے لیے فائدے مند ہو، ہم اللہ کو جوابدہ ہے، ملک یا صوبے کا سربراہ بننا بہت بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ وزیر خزانہ اسد عمر نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور حکومت نے وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے فواد چوہدری سمیت متعدد وزرا کے قلمدان تبدیل کیے تھے۔

Read Comments