’سیاست کرکٹ نہیں کہ 8 ماہ کی تباہی کے بعد ٹیم بدل دی‘

جس ٹیم کی بنیاد پر ووٹ لیے،اسی کو بدل دیا،شیری رحمٰن — فوٹو: اے پی /فائل
جس ٹیم کی بنیاد پر ووٹ لیے،اسی کو بدل دیا،شیری رحمٰن — فوٹو: اے پی /فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے عمران خان نے پی پی پی کے وزیرخزانہ کو منتخب کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اعتراف کرلیا کہ 8 ماہ تک وزیروں کی کارکردگی صفر رہی۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ سیاست کرکٹ نہیں کہ 8 ماہ کی تباہی کے بعد ٹیم بدل دی، جس ٹیم کی بنیاد پر ووٹ لیے، عمران خان نے اسی ٹیم کو بدل دیا۔

مزید پڑھیں: ملک کیلئے فائدہ مند نہ ہونے والے وزرا کو تبدیل کردوں گا، عمران خان

پی پی رہنما نے کہا کہ اگر پی پی کی معاشی پالیسیاں غلط تھیں تو پی پی دور کے وزیرخزانہ کو کیوں منتخب کیا گیا؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں 10 برسوں کا ریکارڈ قرضہ لیا گیا، اپنی نااہلی چھپانے کے لیے عمران خان اپوزیشن پر الزام لگارہے ہیں۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ چھترول کا اعلان کرنے کو وزیر داخلہ بنانا عمران خان کی تشدد انگیز ذہنیت کی عکاس ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اورکزئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو وزیر ملک کے لیے ٹھیک نہیں ہوگا اسے تبدیل کردوں گا، میں نے ٹیم کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا ہے، اس وزیر کو لاؤں گا جو ملک کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ کئی مرتبہ بیٹسمن کو اوپر، نیچے کھلانا پڑتا اور کبھی نئے کھلاڑی کو ٹیم میں لانا پڑتا ہے، جو کپتان ہوتا ہے، اس کا مقصد صرف ٹیم کو جتانا ہوتا ہے اور وزیر اعظم کا بھی ایک مقصد ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری سمیت کئی وزرا کے قلمدان تبدیل

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد ہے کہ میں اپنی قوم کو جتاؤں، میں اللہ کو جوابدہ ہوں، اللہ مجھ سے چاہتا ہے کہ میں ملک کے کمزور لوگوں کو اٹھاؤں یہ میرا مقصد ہے، اس کےلیے ابھی اپنی ٹیم میں تھوڑی تبدیلی کی ہے اور میں آگے بھی کروں گا۔

تمام وزرا کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ جو میرے ملک کے لیے فائدہ مند نہیں ہوگا، اسے تبدیل کرکے وہ وزیر لاؤں گا جو ملک کے لیے فائدے مند ہو، ہم اللہ کو جوابدہ ہے، ملک یا صوبے کا سربراہ بننا بہت بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ وزیر خزانہ اسد عمر نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور حکومت نے وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے فواد چوہدری سمیت متعدد وزرا کے قلمدان تبدیل کیے تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Nadeem Apr 20, 2019 09:28am
غلطی کا اعتراف کر لینا کوئی معمولی بات نہیں۔ آپ کے دور حکومت میں عوام پر جو بیلنے بیلے گئے کیا پیپلز پارٹی اسکو بھلا چکی ہے۔ راجہ صاحب کی کے وہ بیانات آج بھی یو ٹیوب پر موجود ہیں جن وہ 2009 سے پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے واعدے کرتے نظر آتے ہیں۔ معاشی حالت اس کدر بھیانک تھی کے آج بھی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ خدارا صرف اعتراضات نہ کریں۔ گریبان جھانکیں تو پیپلز پارٹی تو ایک لفظ بھی نہ بول سکے۔ 100 کے کارڈ پر 92 ملا کرتے تھے آپ کے دور میں 65 ہوگئے۔ کہنے کو بہت کچھ ہے مگر کون سنے گا اس لیے اتنا ہی کافی ہے۔