Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2019 02:12pm

اپنے اثاثوں کی معلومات سے متعلق سمن رکوانے کیلئے ٹرمپ متحرک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف امریکی ہاؤس اور سائٹ کمیٹی کے ڈیموکریٹک چیئرمین ایلیاہ کمنگز کی جانب سے ذاتی اور مالی امور کی معلومات فراہم کرنے کے لیے جاری ہونے والے سمن کو رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے عدالت میں درخواست دائر کی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ڈیموکریٹس کی اکثریت کا حامل ہاؤس آف ریپریزینٹیٹو ٹرمپ کے خلاف سیاسی جنگ کا آغاز کررہا ہے جس میں وہ غیر ضروری طلبی کے نوٹسز کو اپنے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

امریکی ہاؤس اور سائٹ کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے سمن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کاروباری کمپنی کی اکاؤنٹنگ فرم میزرس یو ایس اے کے گزشتہ 8 برس کے دستاویزات طلب کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کے ایمرجنسی کے نفاذ کو کالعدم قرار دیے جانے کا امکان

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس کمپنی کو طویل عرصے تک اپنے مالیاتی امور چلانے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں، جس پر غیر ضروری فائدہ حاصل کرنے کے لیے مالیاتی دستاویزات کو تبدیل کرنے کا الزام تھا۔

ایلیاہ کمنگز کی جانب سے سمن ایسے وقت میں جاری کیا گیا جب ڈونلڈ ٹرمپ کی کمپنی کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے کانگریس کے سامنے یہ بیان دیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اثاثے غلط ظاہر کیے تھے۔

اپنی درخواست دائر کرتے ہوئے امریکی صدر کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایلیاہ کمنگز کی جانب سے جاری ہونے والا سمن ناقابلِ نفاذ ہے کیونکہ اس میں کوئی جائز قانون سازی کا مقصد بھی شامل نہیں جبکہ یہ کانگریس کے تحقیقاتی اختیارات کی آئینی حد سے بھی تجاوز کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ بدترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

اپنے ایک بیان میں ایلیاہ کمنگز کا کہنا تھا کہ ان کے سمن کو روکنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں ہے، جبکہ وائٹ ہاؤس پر الزام عائد کیا کہ وہ ایک بھی دستاویز اور گواہ کو کمیٹی کے سامنے پیش نہ کرکے اس معاملے میں غیرضروری رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست کسی قانونی نوٹس کے ردِ عمل کے بجائے سیاسی نکات پر بات جیت کا خط نظر آرہا ہے جو غلط معلومات کی روداد پر مشتمل ہے۔

ٹرمپ کے وکیل نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کمیٹیاں اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ کے ذاتی کاروبار، مالی امور اور خاندانی امور کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

سیاسی میدان میں ڈونلڈ ٹرمپ کی اس درخواست کو ان کے خلاف جاری تحقیقات کو ختم کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جارہا ہے جنہیں کانگریس میں ڈیموکریٹک نمائندوں کی سربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹیوں نے شروع کیا۔

Read Comments