Dawn News Television

شائع 23 اپريل 2019 01:03pm

فلپائن میں زلزلے سے 11 افراد ہلاک

جنوب مشرقی ایشیائی ملک فلپائن میں 6.1 سے 6.3 شدت تک کے زلزلے میں 11 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 6.3 شدت کے زلزلے نے سمار کے مرکزی جزیرے کو متاثر کیا اور یہ زلزلہ گزشتہ روز ملک کے دارالحکومت مانیلا میں آنے والے زلزلے سے زیادہ تھا۔

انتظامیہ کی جانب سے حالیہ زلزلے میں مزید نقصانات کا امکان ظاہر کیا ہے اور رہائشیوں کو ممکنہ آفٹر شاکس سے خبردار رہنے کا کہا ہے۔

مسلسل دو روز سے زلزلے کا سامنا کرنے والے ملک فلپائن میں اب تک 11 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ اموات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

زلزلے نے دیہی علاقوں کو بری طرح متاثر کیا اور کچھ علاقوں مین بجلی اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوگیا۔

فلپائن میں ابتدائی زلزلے کے بعد 400 سے زائد آفٹرشاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جبکہ متعدد افراد کے اب بھی ملبے تلے پھنسے ہونے کا امکان ہے۔

Read Comments