Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2019 03:08pm

پرینیتی چوپڑا ’دی گرل آن دی ٹرین‘ کے ساتھ جڑ گئیں

ہولی وڈ مسٹری فلم ’دی گرل آن دی ٹرین‘ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی، جس نے تجزیہ کاروں کا دل جیتنے کے ساتھ ساتھ باکس آفس پر بھی اچھا بزنس کیا اور اب بولی وڈ میں اس فلم کا ریمیک بنانے کا ارادہ کیا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلائنس انٹرٹینمنٹ کمپنی اس ہولی وڈ فلم کا بولی وڈ ریمیک بنانے جارہی ہے جس میں اداکارہ پرینیتی چوپڑا مرکزی کردار نبھائیں گی۔

فلم میں پرینیتی ہولی وڈ اداکارہ ایملی بلنٹ کی جگہ لے رہی ہیں، جنہوں نے فلم میں ایک طلاق یافتہ خاتون کا کردار نبھایا جو ایک ایسی مسٹری کو سلجھا رہی ہے جو اس کی نظر میں اس سے کیا ہوا گناہ تھا۔

مزید پڑھیں: یہ تھرلر فلمیں دیکھنے کے لیے تیار ہیں؟

یاد رہے کہ دی گرل آن دی ٹرین 2015 میں ریلیز ہونے والے کامیاب ناول پر مبنی ہے، جسے پال ہوکنز نے تحریر کیا۔

ریلائنس انٹرٹینمنٹ کے سی ای او شھباشش سرکار کا کہنا تھا کہ ’ہم ہمیشہ ایسی فلمیں بنانے پر یقین رکھتے ہیں جس کی کہانی مضبوط ہو، جو نئی نسل کو متاثر کرسکے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ فلم سب کو متاثر کرے گی‘۔

اس سے قبل رپورٹس تھی کہ اس فلم کے ریمیک میں جیکولین فرنینڈز مرکزی کردار نبھانے جارہی ہیں، تاہم اب پرینیتی چوپڑا کا نام سامنے آیا ہے۔

پرینیتی چوپڑا نے خود بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس خبر کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔

اس فلم کی پروڈکشن کا عمل رواں سال جولائی سے برطانیہ میں شروع ہوگا۔

Read Comments