Dawnnews Television Logo

یہ تھرلر فلمیں دیکھنے کے لیے تیار ہیں؟

ان فلموں کے بارے میں جان کر محسوس ہورہا ہے کہ یہ یقیناً کافی شاندار ہوں گی۔
شائع 11 جنوری 2018 01:06pm

چاہے ایکشن ہو، رومانوی ہو، کامیڈی ہو، یا پھر ہارر، ایسی فلموں میں اگر تھرلر شامل کردیا جائے تو یقیناً شائقین ایسی فلموں سے زیادہ محظوظ ہوتے ہیں۔

بولی وڈ انڈسٹری 100 سالوں سے زائد اپنی شاندار فلموں سے شائقین کو انٹرٹین کرنے میں کامیاب ہورہی ہے۔

گزشتہ سال بولی وڈ میں سب سے زیادہ راج کامیڈی فلموں کا رہا، اور زیادہ تر یہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب بھی ہوئیں۔

لیکن اس سال بہت سی تھرلر فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں، جنہیں دیکھ کر محسوس ہورہا ہے کہ یہ یقیناً کافی شاندار ہوں گی۔

تھری اسٹوریز

ریتیش سدھوانی اور فرحان اختر کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’تھری اسٹوریز‘ میں اداکارہ ریچا چڈا، پلکت سمراٹ، شرمن جوشی اور رینوکا شاہانے اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

یہ ایک تھرلر فیچر فلم ہے جس کی کہانی تین اہم کہانیوں کے گرد گھومتی ہے، اس فلم کا موضوع یہ ہے کہ ہر شخص جو خود کو دکھاتا ہے دراصل یہ ایک نقاب ہوتا ہے۔

اس فلم کو رواں سال 16 فروری کو نمائش کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اکتوبر

بولی وڈ اداکار ورن دھون کی فلم ’اکتوبر‘ کا پہلا لُک حال ہی میں شیئر کیا گیا۔

اس فلم کی ہدایات شوجت سرکار دے رہے ہیں، جس میں ورن دھون مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

یہ دونوں پہلی مرتبہ کسی پروجیکٹ پر ایک ساتھ کام کررہے ہیں، جبکہ ماڈل بنیتا بندھو اس فلم کے ساتھ ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔

یہ ایک تھرلر لو اسٹوری ہے، جس کی کہانی جوہی چترویدی نے تحریر کی، اسے رواں سال اپریل میں ریلیز کیا جائے گا۔

ایارے

ایارے ایک اور تھرلر کرائم ڈرامہ ہے جس کی ہدایات نیرج پانڈے دے رہے ہیں۔

اس فلم میں منوج باجپائی اور سدہارتھ ملہوترا مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

ویسے تو اس فلم کو رواں ماہ 26 تاریخ کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم فلم ’پدماوت‘ کی 25 جنوری کو ریلیز کے باعث اس کی تاریخ تبدیل کردی۔

اب تک اس کی نئی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

پری

انوشکا شرما کی ہارر تھرلر فلم ’پری‘ کا انتظار مداح بےصبری سے کررہے ہیں۔

اس فلم کا پہلا ٹیزر حال ہی میں ریلیز کیا گیا، جسے دیکھ کر مداح کافی حیران بھی رہ گئے۔

ابھی تک یہ پتا نہیں چلا کے انوشکا اس فلم میں کیا کردار نبھا رہی ہیں، تاہم ان کا ایسا انداز مداحوں کو پہلی مرتبہ فلم میں دیکھنے کو ملے گا۔

فلم ’پری‘ 2 مارچ کو سینما گھروں میں ہیش کرنے کا ارادہ کیا ہے۔

دی گرل آن دی ٹرین

فلم ’دی گرل آن دی ٹرین‘ 2016 کی ہولی وڈ فلم کی نقل بنائی جارہی ہے، جس کا یہی نام تھا، اس تھرلر فلم میں اداکارہ جیکولین فرنینڈز مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

اس فلم کی کہانی روزانہ ٹرین میں سفر کرنے والی ایک خاتون کے گرد گھومتی ہے، جو ریلوے اسٹیشن کے قریب رہنے والے ایک جوڑے کی زندگی سے خاصی متاثر ہوتی ہیں۔

اس فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات ابھی نہیں بتائیں گئی، البتہ یہ ہولی وڈ کی کامیاب فلم تھی۔

ریس 3

بولی وڈ فلم سیریز ’ریس‘ ویسے ہی اپنے سسپینس اور تھرلر کی وجہ سے کافی مقبول اور کامیاب رہی ہے، اور اب مداحوں کو اس کے تیسرے حصے کا بےصبری سے انتظار ہے۔

اس بات فلم میں سیف علی خان کی جگہ بولی وڈ اداکارہ سلمان خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم میں جیکولین فرنینڈز بھی موجود ہیں، جو ریس 2 کا بھی اہم حصہ رہی تھیں، جبکہ بابی دیول بھی اس فلم کے ساتھ واپسی کرتے نظر آئیں گے۔

ریڈ

بولی وڈ اداکار اجے دیوگن بہت جلد فلم ’ریڈ‘ میں ایک انکم ٹیکس افسر کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم کی کہانی 80 کی دور میں ہندوستان میں ہونے والے کچھ اصل واقعات پر مبنی ہے۔

فلم کی ہدایات راج کمار گپتا دے رہے ہیں، جس میں الیانا دی کروز بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

اس کی ریلیز رواں سال 16 مارچ کو متوقع ہے۔