Dawn News Television

شائع 25 اپريل 2019 09:23pm

رینجرز پر حملہ: ایم کیو ایم کے 4 کارکنوں کو 29 برس قید کی سزا

کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کورنگی میں رینجرز چوکیوں پر حملوں کے جرم میں متحدہ قومی موومنٹ کے 4 کارکنوں کے خلاف دو مختلف مقدمات میں مجموعی طورپر 29، 29 برس قید کی سزا سنادی۔

عدالت نے چاروں مجرموں سیداحمد سلمان عرف ایس پی، محمد عبیداللہ صدیقی عرف حبیب کالا، کامران عرف کمو اور سلیمان عرف امیہ پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

یہ بھی پڑھیں: لیاری: رینجرز پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید، 3 زخمی

واضح رہے کہ چاروں ملزمان سیداحمد سلمان عرف ایس پی، محمد عبیداللہ صدیقی عرف حبیب کالا، کامران عرف کمو اور سلیمان عرف امیہ نے 18 مارچ 2016 کو کورنگی کراسنگ میں رینجرز چوکی پر کریکر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں رینجرز کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

بعدازاں 21 مارچ2016 کو کورنگی ڈھائی نمبر پر رینجرز چوکی پرکریکر حملہ کیا گیا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

رینجرز (سندھ) نے ملزمان سیداحمد سلمان عرف ایس پی اورمحمد عبیداللہ صدیقی عرف حبیب کالا کوشاہ فیصل کالونی نمبر5 کے علاقے سے گرفتار کیا تھا۔

مزیدپڑھیں: رینجرز کی کراچی سے واپسی کی خبروں کی تردید

گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کامران عرف کمو اور سلیمان عرف امیہ کوشاہ فیصل کالونی نمبر 4 کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان نے ایم کیوایم قیادت کی ہدایت پر رینجرز چوکیوں پر حملے کیےجس کے نتیجے میں رینجرز کے سپاہی کلیم اللہ، شفق سرور اور ایک شہری اشرف زخمی ہوئے گئے تھے۔

رینجرز(سندھ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ چاروں مجرموں کے خلاف دھماکا خیز مواد رکھنے، رینجرز چوکی کورنگی کراسنگ اور کورنگی ڈھائی پر حملہ کرنے، رینجرز جوانوں کو زخمی کرنے اور پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزائیں سنائی گی۔

Read Comments