Dawn News Television

شائع 30 مئ 2019 10:53pm

موبائل فون چارج کرتے ہوئے 22 سالہ شخص کرنٹ لگنے سے ہلاک

ویسے تو اکثر افراد اپنے موبائل فون کو چارجنگ پر لگانے کے بعد کال کرنے یا موسیقی سننے کے عادی ہوتے ہیں مگر ہوسکتا ہے یہ پڑھ کر آپ اس سے گریز کرنے کو ہی بہتر سمجھیں۔

تھائی لینڈ میں ایک 22 سالہ شخص اپنے فون کو بستر پر چارج کرنے کے دوران بجلی کے کرنٹ کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا۔

تھائی لینڈ کے صوبے ناکھون راتچاسیما کا یہ رہائشی اپنے اپارٹمنٹ میں تنہا تھا اور اس کی لاش کئی گھنٹوں بعد رشتے داروں نے دریافت کی۔

جب رشتے دار مرنے والے کے گھر پہنچا تو اس نے اس شخص کوبستر پر بے حرکت پایا جبکہ ڈیوائس اس کے ہاتھ میں تھی جس کا چارجر دیوار کے ساکٹ میں لگا ہوا تھا۔

ہلاک ہونے والے شخص کے ہاتھ پر جلنے کے نشانات دیکھے گئے جبکہ پوسٹ مارٹم سے انکشاف ہوا کہ وہ شخص رشتے دار کے آنے سے 5 گھنٹے پہلے ہلاک ہوچکا تھا۔

بدنصیب شخص (اس کا نام میڈیا رپورٹس میں نہیں دیا گیا) کی ماں نے اپنے بیٹے کو محنتی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ کم عمری سے ہی والدین کے ساتھ مارکیٹ جاکر سبزیوں کی فروخت میں مدد دیتا ہے۔

اس سے پہلے تھائی لینڈ میں ہی چند ماہ قبل ایک فیکٹری ورکر اپنے فون کو چارج کرنے کے دوران بجلی کے کرنٹ سے ہلاک ہوگیا تھا جو چارجنگ کے دوران ائیرفون سے گانے سن رہا تھا یا کسی سے بات کررہا تھا۔

فروری میں کرٹساڈا سیوپول نامی اس شخص کی لاش بھی بستر میں ملی تھی اور اس کا فون بھی چارج ہورہا تھا۔

اس کی لاش گھر کے مالک نے اگلی صبح دریافت کی تھی جبکہ لاش کے کانوں میں جلنے کے نشانات بھی دیکھے گئے۔

ماہرین کے مطابق ناقص برانڈ کے چارجر کو استعمال کرنے کے دوران لوگوں کو کرنٹ لگنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

2016 میں ایک ملائیشین خاتون نے جیسے ہی چارجنگ پر لگے فون کو کان پر لگایا تو اچانک ہی انہیں کرنٹ لگا اور وہ ہلاک ہوگئی۔

2015 میں ہانگ کانگ میں ایک خاتون نے چارجنگ کے دوران اپنے فون کو استعمال کرنے پر انگلیاں سن ہوجانے کی شکایت کی تھی اور اسے ہسپتال لے جایا گیا۔

2013 میں ایک چینی شخص اسی طرح کے ایک واقعے کا شکار ہوکر کوما میں چلا گیا۔

اسی طرح 2013 میں ہی آئی فون فائیو کو چارجنگ کے دوران استعمال کرنے پر ایک چینی خاتون کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئی تھیں۔

Read Comments