Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 جون 2019 03:14pm

بھارتی یوٹیوب چینل نے آخرکار سوئیڈش یوٹیوبر کو شکست دے دی

کئی ماہ کی طویل جنگ اور مداحوں کی مہم کے بعد آخرکار بولی وڈ کے یوٹیوب چینل ٹی سیریز نے سویڈن سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبرپیو ڈی پائی کو واضح شکست دے کر 10 کروڑ سبسکرائبر والے پہلے چینل کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

بدھ کو ٹی سیریز نے 10 کروڑ سبسکرائبر والے پہلے چینل کا اعزاز اپنے نام کیا اور ٹی سیریز نے ایک ٹوئیٹ میں اپنے فالورز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جب ٹی سیریز نے 10 کروڑ سبسکرائبر کا سنگ میل طے کیا تو اس کے مدمقابل پیو ڈی پائی کے سبسکرائبرز کی تعداد محض 9 کروڑ 60 لاکھ سے کچ ھزیادہ تھی۔

ان دونوں چینلز کے درمیان مہینوں سے برتری کی سخت جنگ ہورہی تھی اور دونوں ہی ایک دوسرے پر سبقت لے رہے تھے۔

بولی وڈ کے مقبول ترین چینل کے مقابلے میں اپنی برتری کو برقرار رکھنے سبسکرائب ٹو پیٹو دی پائی کا سلوگن اس مہم کا نعرہ بن گیا جو کہ امریکی سپرباﺅل، بل بورڈز اور وال اسٹریٹ جرنل کے فرنٹ پیج پر بھی ہیک کرکے لگایا گیا۔

اس دوران دونوں چینلز کے درمیان شدید گرما گرمی بھی دیکھنے میں آئی جبکہ کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد نے بھی سبسکرائب ٹوپیو ڈی پائی کی بات کی، جس پر سوئیڈش یوٹیوبر کو شدید تنقید کا سامنا ہوا اور اسے مذمتی ویڈیو بھی جاری کرنا پڑی۔

پیو ڈی پائی نے ٹی سیریز کے بارے میں ایسی ویڈیوز بھی جاری کیں جس میں کافی توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے اور اس انڈین چینل کو دھوکے باز، چوری شدہ مواد اور توہین آمیز مواد والا چینل قرار دیا گیا۔

گزشتہ ماہ سوئیڈش یوٹیوبر نے ٹی سیریز سے جنگ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے چینل کو ہرانے کی جنگ کی بجائے محبت اور تعاون کے جذبے کو فروغ دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا 'میں نفرت کو کامیابی کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتا، یہ تو بس تفریح ہونا چاہیے مگر اب یہ تفریح کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ حد سے باہر نکل رہا ہے'۔

یہ جنگ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہوئی تھی اور حیران کن طور پر 2018 کے آغاز میں ٹی سیریز کے سبسکرائبر محض 3 کروڑ تھے جن میں گزشتہ سال کی آخری ششماہی میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا۔

اور اب یوٹیوب نے خود 10 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے پر ٹی سیریز کو مبارکباد دیتے ہوئے ایک ٹرافی دینے کا عندیہ ظاہر کیا ہے جو کہ پلے بٹن ٹرافی ہی ہوگی مگر اس کا ڈیزائن کیسا ہوگا یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کیونکہ 1 کروڑ سبسکرائبر والے چینلز کا پلے بٹن ٹرافی ڈائمنڈ جیسا ہوتا ہے۔

Read Comments