Dawn News Television

شائع 23 جون 2019 07:25pm

جب پولیس اور فائر فائٹرز نے گٹر میں پھنسی گلہری کو آزاد کرایا

اگر پاکستان میں ایک گلہری کسی وجہ سے گٹر کے ڈھکن میں پھنس جائے تو اس بات کے امکانات زیادہ ہیں کہ لوگ اسے بچانے کی بجائے نظرانداز کردیں گے مگر جرمنی میں اس طرح کے واقعے پر بالکل مختلف ردعمل دیکھنے میں آیا۔

جرمن شہر ڈورٹمنڈ میں ایک سرخ گلہری گٹر کے ڈھکن کے سوراخ میں پھنس گئی جس کے بعد ایک زبردست ریسکیو آپریشن دیکھنے میں آیا اور اس جانور کو آزاد کرایا گیا اور اس کی تصاویر و تفصیلات نے انٹرنیٹ پر لاکھوں افراد کو دنگ کردیا۔

گلہری کو آزاد کرانے کے لیے فائر فائٹرز، پولیس اہلکاروں اور ایک جانوروں کے طبی مرکز کے افراد نے مل کر کام کیا اور اس کی آزادی کو ممکن بنایا۔

ڈورٹمنڈ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق انہیں اس حوالے سے ایک کال موصول ہوئی تھی کہ ایک پارک کے برابر میں واقع گٹر میں ایک گلہری پھنس گئی ہے۔

جب فائر فائٹرز اس جگہ پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ گلہری کا سر گٹر کے کور کے سوراخ سے باہر نکلا ہوا ہے جبکہ باقی جسم نیچے پھنس گیا ہے۔

اسے آزاد کرانے کے لیے ابتدائی کوششیں ناکام ہونے پر مین ہول کے ڈھکن کو ہی نکال لیا گیا اور پھر اسے پھنسی ہوئی گلہری کے ساتھ ایک قریبی جانوروں کے طبی مرکز پہنچایا گیا جبکہ اس موقع پر پولیس نے کھلے گٹر کی حفاظت کا کام کیا۔

طبی ماہرین نے ادویات کے ذریعے پہلے گلہری کو بے ہوش کیا اور پھر اسے ڈھکن سے باہر نکال لیا۔

بعد ازاں اس کی گردن کے زخم کا علاج بھی کیا گیا اور ان کا کہنا تھا کہ اسے بہت جلد دوبارہ پارک میں چھوڑ دیا جائے گا۔

اس سے قبل رواں سال فروری میں جرمن شہر فرینکفرٹ کے قریب بھی ایک چوہا گٹر کے ڈھکن کے سوراخ میں پھنس گیا تھا جسے 9 فائر فائٹرز نے ایک مقامی این جی او کے ساتھ مل کر کافی جدوجہد کے بعد آزاد کرایا۔

Read Comments