Dawn News Television

شائع 27 جون 2019 09:52am

آکسفورڈ یونیورسٹی نے راحت فتح علی خان کو اعزازی ڈگری سے نواز دیا

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری سے نواز دیا گیا۔

راحت فتح علی خان کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مزید 7 اور افراد کو یونیورسٹی کی جانب سے یہ اعزاز ملا۔

انکائینیا کے نام سے لندن میں منعقد ہوئی اس تقریب میں راحت فتح علی خان کو ڈاکٹریٹ آف میوزک کی ڈگری دی گئی۔

مزید پڑھیں: آکسفورڈ یونیورسٹی راحت فتح علی خان کو اعزازی ڈگری دے گی

یونیورسٹی کی جانب سے راحت فتح علی خان کا تعارف ’صوفیانہ موسیقی قوالی کے پاکستانی گلوکار کے طور پر کیا گیا ہے‘ جن کو اب تک 50 سے زائد البم ریلیز کرنے پر سراہا بھی گیا۔

یونیورسٹی سے ملنے والی ڈگری کے حوالے سے گلوکار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ملنے والی اس ڈگری کو قبول کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ دن میرے خاندان اور میرے لیے بےحد خاص ہے اور ان مداحوں کے لیے بھی جنہوں نے میرے اس سفر میں میرا ساتھ دیا، یہ اعزاز حاصل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی موسیقی سے ان شاندار بلندیوں پر پہنچ سکا'۔

یہ بھی پڑھیں: آکسفورڈ یونیورسٹی بھی راحت فتح علی خان کی معترف

یاد رہے کہ 2017 میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے اپنے ایک ریہرسل ہال کو استاد راحت فتح علی خان کا نام دیا تھا۔

2016 میں انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

راحت فتح علی خان نے اس گھرانے میں آنکھ کھولی جو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی پہچان سمجھا جاتا ہے، انہوں نے 7 سال کی عمر میں اپنی باقاعدہ تربیت کا آغاز کیا۔

راحت ٹی وی ڈراموں کے لیے 50 سے زائد ٹائٹل گانوں کی گلوکاری کرچکے ہیں، جبکہ ہولی وڈ اور بولی وڈ دونوں انڈسٹری کی فلموں میں 100 سے زائد گانوں کی گلوکاری بھی کرچکے ہیں۔

Read Comments