Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2019 02:04pm

شاہ رخ خان ہارر سیریز پروڈیوس کرنے کے لیے تیار

بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو رومانس کا کنگ کہا جاتا ہے لیکن کیا کسی نے سوچا تھا کہ وہ ڈراؤنی فلموں کا بھی حصہ بن سکتے ہیں؟

اگر نہیں تو دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان نیٹ فلکس کی ہارر سیریز کی مشترکہ پروڈکشن کرنے جارہے ہیں تاہم ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آئی کہ شاہ رخ خود اس کا حصہ بنتے نظر آئیں گے یا نہیں۔

شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز ایک ڈراؤنی سیریز کی پروڈکشن کررہی ہے جسے ان کے ساتھ گورو ورما بھی پروڈیوس کریں گے۔

اس سیریز کی ہدایات پیٹرک گراہم اور نکھل مہاجن دیں گے۔

خیال رہے کہ پیٹرک گراہم اس سے قبل رادھیکا آپٹے کی نیٹ فلکس پر سامنے آنے والی سیریز 'گھول' کی ہدایات بھی دے چکے ہیں۔

اس نئی ہارر سیریز کا نام 'بےتال' رکھا گیا ہے جس میں ونیت کمار سنگھ اور اہان کمرا کام کرتی نظر آئیں گی۔

ویسے تو اب تک شاہ رخ خان نے خود اس سیریز میں کام کرنے کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا، البتہ امید ہے کہ وہ خود بھی اس سیریز میں اداکاری کرتے نظر آئیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر میں رومانوی، کامیڈی اور منفی ہر طرح کی اداکاری کی ہے، البتہ آج تک وہ کسی فلم میں مداحوں کو ڈراتے نظر نہیں آئے۔

البتہ ان کی فلمیں 'بھوت ناتھ'، 'چمتکار' اور 'پہیلی' بھوتوں کی کہانی پر ہی مبنی تھیں۔

Read Comments