Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 جولائ 2019 11:19am

امریکا میں الیکشن سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان سے فوجی انخلا کے خواہاں

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کو 2020 کے انتخابات سے قبل افغانستان سے امریکی افواج کی تعداد میں کمی کے احکامات دے دیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مائیک پومپیو نے اکنامک کلب آف واشنگٹن میں امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے سوال کے جواب میں بتایا کہ 'مجھے یہ احکامات صدر سے خود ملے ہیں، وہ کبھی نہ ختم ہونے والی جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں اور فوجی انخلا کر رہے ہیں'۔

ان کی یہ رائے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد سامنے آئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان سے فوجی انخلا کے لیے ماحول پیدا کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ 'واشنگٹن کا تمام افغان شہریوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنا ملک واپس لیں'۔

انہوں نے کہا کہ فوجی انخلا کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ ان کے بطور امریکی صدر کارکردگی اس سے جڑی ہے۔

سیکریٹری آف اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ فوجی انخلا پر تحفظات صرف امریکا کو ہی نہیں ہیں، یورپ اور دنیا بھر کے کئی ممالک کی افغانستان میں افواج موجود ہیں اور ہمیں امید ہے کہ خطے میں فورسز کی ضرورت کم ہوگئی ہے۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ 'ہم صرف طالبان سے مذاکرات نہیں کر رہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ہم تمام افغانوں سے بات کر رہے ہیں، صدر اشرف غنی، ان سے میری جمعے کی صبح ہی بات ہوئی، میں اپوزیشن سے بھی بات کر رہا ہوں اور ہم طالبان حکام سے بھی بات کر رہے ہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے افغانستان کے لیے چیف مذاکرات کار، زلمے خلیل زاد پورے افغانستان میں کام کر رہے ہیں، انہوں نے مختلف لوگوں سے ملاقات کی ہے جن میں این جی اوز اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروہ بھی شامل ہیں'۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ 'ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنا ملک واپس لیں اور ہماری خواہش ہے کہ جو ہمارے لیے اربوں ڈالر کے اخراجات اور جو امریکا کے لیے لڑنے والے آپ کے بچوں کے لیے بڑے خطرات کا باعث بنتا ہے اس کا خاتمہ کریں'۔

Read Comments