Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 اگست 2019 01:58pm

اداکار محسن عباس کی عبوری ضمانت میں 16 اگست تک توسیع

لاہور کی سیشن عدالت نے امانت میں خیانت اور سنگین نتائج کی دھمکیوں کے مقدمے میں نامزد اداکار محسن عباس کی عبوری ضمانت میں 16 اگست تک توسیع کرتے ہوئے پولیس کو محسن عباس کی گرفتاری سے روک دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے محسن عباس کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، اس موقع پر اداکار وکیل کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت محسن عباس کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پولیس کی تفتیش جاری ہے، اداکار پولیس سے مکمل تعاون کر رہے ہیں لہٰذا ان کے موکل کی عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے۔

عدالت نے پولیس کو جلد تفتیش مکمل کر کے رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے اداکار محسن عباس کی عبوری ضمانت میں 16 اگست تک توسیع کر دی۔

خیال رہے کہ محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے ان کے خلاف تھانہ ڈیفنس میں امانت میں خیانت اور سنگین نتائج کی دھمکیوں کا مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محسن عباس حیدر کی اہلیہ کا شوہر پر تشدد کرنے اور دھوکہ دینے کا الزام

فاطمہ سہیل نے رواں ماہ 20 جولائی کو اپنے شوہر پر گھریلو تشدد اور شادی شدہ ہونے کے باوجود افیئرز چلانے کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد لاہور کے ڈیفنس پولیس اسٹیشن میں اداکار کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی تھی۔

ایڈیشنل سیشن جج نے 24 جولائی کو محسن عباس کی 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس حکام کو 5 اگست تک اداکار کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

اہلیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر الزام لگانے کے بعد محسن عباس حیدر نے 21 جولائی کو ایک پریس کانفرنس میں خود پر لگے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

محسن عباس حیدر نے کہا تھا کہ 'وہ جو کچھ کہہ رہی ہیں وہ جھوٹ ہے، میں نے ان کو چھوا بھی نہیں، یہ ٹھیک ہے کہ ماضی میں غصے کے حوالے سے مجھے مسائل رہے ہیں، مگر اب میں بدل چکا ہوں'۔

Read Comments