Dawn News Television

شائع 18 اگست 2019 05:32pm

لیبر وارڈ کی بیک وقت حاملہ ہونے والی نرسوں کے ہاں بچوں کی پیدائش

رواں سال مارچ میں ایک امریکی ہسپتال کی چند نرسیں دنیا بھر میں وائرل ہوگئی تھیں جس کی وجہ ان کا بیک وقت حاملہ ہوجانا تھا۔

یہ نرسیں پورٹ لینڈ کے میئن میڈیکل سینٹر کے لیبر روم میں کام کرتی تھیں اور لگ بھگ ایک ہی وقت میں حاملہ ہوئیں اور اب آگے پیچھے مائیں بھی بن گئی ہیں۔

ان سب خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش اپریل سے جولائی کے دوران ہونی تھی۔

مارچ میں ہسپتال نے سوشل میڈیا پر 9 میں سے 8 حاملہ نرسوں کی تصویر پوسٹ کرکے اعلان کیا تھا جو کہ وائرل ہوگئی تھی۔

اس موقع پر ایک نرس ایرن گرینیر نے کہا 'جب ہم سب نے ایک دوسرے کو کہا کہ ہم حاملہ ہیں تو میرے خیال میں ہر بار اس اعلان پر ہمیں خوشی ہوئی اور ہم ایک دوسرے کا خیال رکھنے کے لیے تیار ہیں'۔

یہ تمام نرسیں ایک دوسرے کی دوست تھیں مگر ایک ساتھ حاملہ ہونے کے تجربے نے انہیں مزید قریب کردیا تھا اور ان میں سے ایک لونی سوسی کے مطابق 'ہم ایک دوسرے کا خیال رکھتی تھیں چاہے رات کے 3 ہی کیوں نہ بجے ہوں'۔

فوٹو بشکریہ کارلی مرے

اب 9 بچوں کی پیدائش ہوچکی ہے اور تمام مائیں اور بچے 8 اگست کو ایک بار پھر تصویر کھچوانے کے لیے اکھٹے ہوئے جو فوٹوگرافر کارلی مرے نے لی۔

اب بھی یہ تمام نرسیں ایک دوسرے کا بہت زیادہ خیال رکھ رہی ہیں اور کارلی مرے نے سوشل میڈیا پر لکھا 'مجھے توقع ہے کہ کسی دن ان بچوں کو علم ہوگا کہ ان کی مائیں کتنا خاص کام کرتی تھیں'۔

اے پی فوٹو

ان کا کہنا تھا کہ ان نرسوں کے ساتھ کام کرنے اور ان کے درمیان تعلق کو دیکھ کر انہیں بہت اچھا لگا۔

لونی سوسی کے مطابق 'ہم نے اپنے بچوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی منصوبہ بندی رکھی ہے'۔

Read Comments