Dawn News Television

شائع 20 اگست 2019 04:36pm

آرمی چیف نے پاک فوج کے حاضر سروس میجر کی سزا کی توثیق کردی

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے حاضر سروس میجر کی سزا کی توثیق کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حاضر سروس میجر کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے نوکری سے برخاست کر کے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ عدالت نے حاضر سروس میجر کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر سزا سنائی تھی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک فوج ادارہ جاتی احتساب پر یقین رکھتی ہے۔

آئی ایس پی آر نے فوجی افسر کا نام یا کیس کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں آرمی چیف نے 2 سابق فوجی افسران اور ایک سول افسر کی سزاؤں کی توثیق کی تھی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ سزا پانے والے افسران میں بریگیڈیئر (ر) راجا رضوان اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال اور سول افسر ڈاکٹر وسیم اکرم شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بریگیڈیئر (ر) راجا رضوان کو سزائے موت اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال کو 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ سول افسر ڈاکٹر وسیم اکرم کو بھی سزائے موت کی توثیق کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں مجرمان کو غیر ملکی ایجنسیوں کو حساس معلومات فراہم کرنے پر پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی۔

Read Comments