Dawn News Television

شائع 25 اگست 2019 08:54am

ڈیرہ اسمعیٰل خان: سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ، 2 راہگیر جاں بحق

خیبرپختونخوا میں ڈیرہ اسعیٰل خان کے علاقے دارابان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 راہگیر جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 10 سے 12 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں قریبی پیٹرول پمپ کا ملازم اور ایک راہگیر جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

مزید پڑھیں: ڈیرہ اسمٰعیل خان میں فائرنگ اور خودکش دھماکا، 6 پولیس اہلکاروں سمیت 9 شہید

مقتولین کی شناخت سمیع اللہ اور نقیب اللہ کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں بنگل اور پیر محمد شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری سامنے نہیں آسکی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 21 جولائی کو ڈیرہ اسمعیٰل خان کے دارابان روڈ کوٹلہ سیدان چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان سے تعلق رکھنے والے 3 افراد کی لاشیں بلوچستان سے برآمد

فائرنگ کے واقعے کے بعد زخمیوں کو جس ہسپتال میں لے جایا گیا تھا وہاں خودکش حملہ کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں مزید 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 شہری شہید ہوگئے تھے۔

تاہم ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 2 پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے تھے۔

17 اگست کو کلاچی تحصیل میں سرچ آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ڈیرہ اسمعیٰل خان میں دہشت گردوں کی موجودگی اور ان کی سرگرمیوں میں اضافے کی کافی عرصے سے نشاندہی کی جارہی ہے۔

Read Comments