Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2019 11:53am

بچے کو سامان میں چھپا کر سفر کرنے والی خاتون گرفتار

کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ایک خاتون چند دن کے بچے کو سامان میں چھپا کر ہوائی سفر کرنے کی کوشش کرے؟

ایسا انوکھا واقعہ فلپائن میں پیش آیا جہاں ایک امریکی خاتون کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب ائیرپورٹ امیگریشن اسٹاف نے اس کے سامان میں ایک نومولود بچے کو دریافت کیا۔

43 سالہ خاتون کا نام جینیفر ٹالبوٹ بتایا گیا ہے جو کہ منیلا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بدھ کی صبح ایک پرواز پر سوار ہونا چاہتی تھی جبکہ بچے کو اس نے ایک کاغذ کے تھیلے میں ڈال کر سامان میں چھپا دیا تھا۔

امیگریشن حکام کے مطابق بچے کے سفری دستاویزات خاتون کے پاس نہیں تھے۔

امیگریشن ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق اس خاتون نے خود کو تنہا ظاہر کیا تھا۔

ترجمان کے مطابق 'اس خاتون نے بس اپنے سفری دستاویزات چیک ان ڈیسک کے سامنے پیش کی تھیں، جبکہ بچے کو بعد میں ایک بڑے بیلٹ بیگ میں سے اس وقت دریافت کیا جب وہ پرواز میں سوار ہونے والی تھی'۔

ترجمان نے بتایا کہ خاتون نے خود کو بچے کی خالہ قرار دیا مگر اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش کرنے سے قاصر رہی۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق اس بچے کی عمر صرف 6 دن تھی تاہم آفیشل دستاویزات ہونے کے باعث عمر کی تصدیق کرنا مشکل ہے۔

ترجمان نے بتایا 'ہمارے پاس بچے کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں کیونکہ اس کے سفری دستاویزات نہیں مل سکے'۔

یہ امریکی خاتون کہاں جارہی تھی، اس بارے میں امیگریشن حکام نے کچھ نہیں بتایا اور اب اس معاملے کو محکمہ انصاف کے حوالے کردیا گیا ہے۔

Read Comments