جب ماں بچے کو ائیرپورٹ پر بھول کر طیارے پر سوار ہوگئی

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2019
یہ واقعہ جدہ میں پیش آیا — اے ایف پی فوٹو
یہ واقعہ جدہ میں پیش آیا — اے ایف پی فوٹو

ماں اور بچے کا تعلق دنیا میں سب سے زیادہ انمول ہوتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اولاد میں ماں کی جان اٹکی ہوتی ہے۔

مگر کیا ایک ماں اپنے چھوٹے بچے کو کسی ائیرپورٹ میں بھول کر طیارے پر سوار ہوسکتی ہے؟ جی ہاں ایسا ہوسکتا ہے کم از کم سعودی عرب میں تو اس طرح کا واقعہ پیش آیا۔

جدہ میں ایک مسافر طیارے کو واپس ائیرپورٹ اس وقت لوٹنا پڑا جب ماں کو احساس ہوا کہ وہ اپنے بچے کو ائیرپورٹ پر ہی بھول آئی ہے۔

یہ پرواز جدہ سے ملائیشین شہر کوالالمپور کے لیے اڑان بھر چکی تھی مگر پھر اسے کنگ عبدالعزیز ائئیرپورٹ واپس اترنا پڑا کیونکہ بھلکڑ ماں نے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے بچے کے پاس جانا چاہتی ہے۔

گلف نیوز کے مطابق جب پرواز دوبارہ ائیرپورٹ پر اترنے لگی تو ائیر کنٹرول آپریٹرز کا ذہن چکرا گیا اور پائلٹوں نے کافی مشکل سے اس عجیب صورتحال کی وضاحت کی۔

ائیر ٹریفک کنٹرولرز سے پائلٹ نے کہا 'خدا ہم پر رحم کریں، کیا ہم واپس آسکتے ہیں یا ہم کیا کریں؟'

اس پر آپریٹرز نے ائیرپورٹ کے عملے سے اس طرح کی صورتحال کے لیے پروٹوکول کے بارے میں پوچھا تاکہ جان سکیں کہ کیا کبھی ماضی میں ایسا ہوا ہے یا نہیں۔

پائلٹ کا کہنا تھا 'یہ پرواز واپسی کی درخواست کرتی ہے، ایک مسافر اپنا بچہ ویٹنگ ایریا میں بھول آئی ہے'۔

اس پر ائیرٹریفک عملے نے پائلٹ سے کہا کہ وہ اپنی کہانی کو دوبارہ دہرائیں جس پر اس نے کہا 'ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ ایک مسافر اپنا بچہ ائیرپورٹ پر بھول آئی ہے اور اب پرواز کا حصہ بننے سے انکار کررہی ہے'۔

ماضی میں ایسی کوئی مثال نہ ملنے پر ائیرکنٹرولرز نے پائلٹ کو کہا کہ واپس آجائیں، یہ ہمارے لیے ایک بالکل نئی چیز ہے۔

اس بھلکڑ ماں اور بچے کے بارے میں کوئی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں مگر یہ تو واضح ہے کہ جدہ میں دونوں کا دوبارہ میلاپ ہوگیا تھا۔

ویسے سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے پائلٹ کے اقدام کو سراہا تو دیگر نے لاپروا ماں کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ائیرکنٹرولر اور پائلٹ کے درمیان ویڈیو وائرل ہوگئی جسے اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں