Dawn News Television

اپ ڈیٹ 10 ستمبر 2019 01:26am

9 محرم الحرام کے جلوس اور سیکیورٹی انتظامات

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اور مجالس عزا، عزا داروں کی نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کے ساتھ پرامن طریقے سے اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئیں۔

پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں محرم الحرام کے جلوس بھرپور سیکیورٹی کے سائے میں اختتام کو پہنچے اور اس دوران کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔

کراچی کے نشتر پارک میں مجلس عزا کے بعد علم و ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا جو اپنے مخصوص راستوں سے گزر کر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنا عشری سے برآمد ہوا جبکہ لاہور میں مرکزی جلوس عزاخانہ پانڈو اسٹریٹ سے نکلا۔

پشاور میں 9محرم الحرام کا مرکزی جلوس ذوالجناح حسینیہ ہال سے برآمد ہونے کے بعد مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام کو پہنچا جبکہ کوئٹہ میں شہر کی مختلف امام بارگاہوں سے شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے۔

ملک بھر میں سیکیورٹی کے پیش نظر جلوس کے مخصوص راستے بند کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی۔

Read Comments