Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2019 09:39pm

رابرٹ موگابے کی تدفین قومی اعزاز کے ساتھ آزادی پسند ہیروز کی یادگار میں کی جائے گی

زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کی تدفین دارالحکومت ہرارے میں قومی اعزاز کے ساتھ آزادی پسند ہیروز کی قومی یادگار نیشنل ہیروز ایکر میں کی جائے گی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف کی رپورٹ کے مطابق رابرٹ موگابے کے خاندانی ترجمان اور بھتیجے لیو موگابے نے بتایا کہ ان کے اہلِ خانہ نے نیشنل ہیروز ایکر میں رابرٹ موگابے کی تدفین پر اتفاق کرلیا ہے لیکن جنازے کی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی۔

ان کے اہل خانہ اور سابق اتحادی و زمبابوبے کے موجودہ صدر ایمرسن مننگاگوا کے درمیان تدفین سے متعلق معاملات پر اختلافات تھے۔

مزید پڑھیں: زمبابوے پر 37 سال حکمرانی کرنے والے سابق صدر رابرٹ موگابے چل بسے

تاہم آج صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیو موگابے نے بتایا کہ ’ وہ تصدیق کرسکتے ہیں کہ ان کے اہلِ خانہ دارالحکومت ہرارے میں واقع نیشنل ہیروز ایکر میں تدفین پر آمادہ ہوئے یا نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موگابے کے گھر میں موجود روایتی سربراہان نے اس حوالے سے فیصلہ کیا۔

لیو موگابے نے بتایا کہ ’ انہوں نے اپنا موقف بتادیا ہے اور اگر انہوں نے اعلان کردیا ہے کہ تدفین نیشنل ہیروز ایکر میں ہوگی تو اس کا مطلب ہے کہ ہمیں تفصیلات کا انتظار کرنا ہے کہ تدفین نجی طریقے سے کی جائے گی یا پبلک ہوگی‘۔

خیال رہے کہ اس حوالے سے اختلافات کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب ایمرسن مننگاگوا کی حکومت نے ہرارے میں واقع نیشنل ہیروز ایکر میں کی جائے گی جبکہ موگابے کے خاندان کا کہنا تھا کہ انہیں نجی طور دفن کیا جائے گا جو ممکنہ طور پر شمال مغربی علاقے میں واقع ان کے آبائی علاقے کوٹاما میں کیا جانا تھا۔

خیال رہے کہ زمبابوے کے سابق صدر اور 37 سال کے طویل عرصے تک اقتدار پر رہنے والے رابرٹ موگابے 6 ستمبر کو 95 برس کی عمر میں سنگاپور میں انتقال کرگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: زمبابوے کے سابق صدر موگابے کیلئے بھاری مراعات کا اعلان

زمبابوین صدر نے رابرٹ موگابے کو 'آزادی کے ہیرو' سے تشبیہ دیتے ہوئے ان کی موت سے متعلق مزید تفصیل فراہم نہیں کی تھی۔

خیال رہے کہ زمبابوے کے سابق صدر باقاعدگی سے علاج کے لیے سنگاپور جاتے رہے تھے لیکن اتحادیوں کا کہنا ہے کہ اقتدار کے خاتمے کے بعد ان کی صحت بہت زیادہ خراب ہوگئی تھی۔

رابرٹ موگابے کی میت 2 روز قبل سنگاپور سے ہرارے ایئرپورٹ لائی گئی تھی۔

علاوہ ازیں کل ہرارے میں منعقد اعزازی تدفین میں چین کے صدر شی جن پنگ، کیوبا کے سابق رال کاسٹرو اور افریقی ممالک کی صدور کی شرکت متوقع ہے۔

Read Comments