Dawn News Television

شائع 15 ستمبر 2019 06:25pm

کیا موٹرز کی ایک اور گاڑی پاکستان میں متعارف ہونے کیلئے تیار

جنوبی کورین کمپنی کیا اپنی نئی گاڑی پیکانٹو پاکستان میں متعارف کرانے کے لیے تیار ہے جو کہ سوزوکی کلٹس کا مقابلہ کرے گی۔

یہ اس کمپنی کی تیسری گاڑی ہے جو پاکستان میں پیش کی جارہی ہے جو اس سے پہلے گرینڈ کارنیوال اور اسپورٹیج متعارف کراچکی ہے۔

پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق پہلے متعارف کرائی گئی دونوں گاڑیاں قیمتوں کے لحاظ سے اعلیٰ طبقے کی سمجھی جاسکتی ہیں مگر یہ نئی گاڑی مڈرینج گاڑیوں جیسے کلٹس اور ویگن آر وغیرہ کا مقابلہ کرے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس نئی گاڑی کی پری بکنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ اس کی ڈیلیوری اکتوبر کے تیسرے ہفتے سے شروع ہوگی۔

یہ ہیچ بیک گاڑی ہے جو پاکستان میں 4 رنگوں مرکری بلیو، اسپارکلنگ سلور، ملکی Beige اور کلیئر وائٹ میں دستیاب ہوگی۔

اس میں ان لائن تھری سلینڈر 1.0 ایم پی آئی انجن دیا جائے گا جو کہ 998 سی سی اور 69 ہارس پاور کا ہوگا اور یہ آٹومیٹک اور مینوئل ٹرانسمیشنز مین دستیاب ہوگی۔

خیال رہے کہ سوزوکی کلٹس میں بھی اسی طرح کا انجن اور ہارس پاور دی جارہی ہے۔

اس گاڑی میں بلٹ ان سی ڈی چینجر، ٹچ اسکرین ڈسپلے بلیوٹوتھ سپورٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ سن روف بھی موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ کیا موٹرز

اس کے علاوہ اسمارٹ کی، پش بٹن اسٹارٹ یا اسٹاپ، مسافروں کے تحفظ کے لیے 2 ائیربیگز وغیرہ نمایاں فیچرز ہیں۔

اس گاڑی کے آٹومیٹک ورژن میں پاور سائیڈ مررز موجود ہیں جبکہ مینوئل ورژن میں مینوئل سائیڈ مررز دیئے گئے ہیں، اسی طرح آٹو میٹک ورژن میں پاور ونڈوز ہیں جبکہ دوسرے ورژن میں نہیں۔

اس کے مینوئل ورژن کی ایکس فیکٹری قیمت 18لاکھ 89 ہزار 999 روپے جبکہ آٹومیٹک ورژن کی 19 لاکھ 99 ہزار 999 روپے ہے۔

مینوئل ورژن کی پری بکنگ 9 لاکھ 49 ہزار روپے جبکہ آٹومیٹک ورژن کی 9 لاکھ 99 ہزار روپے سے کرائی جاسکتی ہے۔

Read Comments