’جس شخص نے 15 برس کی عمر میں ریپ کیا، اس سے والدہ نے پیسے لیے‘
ہولی وڈ کی مقبول اداکارہ 56 سالہ ڈیمی مور نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ محض 15 برس کی عمر میں ان کا ’ریپ‘ کیا گیا اور ان کی والدہ نے ان کا ’ریپ‘ کرنے والے شخص سے خطیر رقم لی۔
ڈیمی مور نے یہ اعتراف امریکی ٹی وی چینل ’امریکن براڈ کاسٹنگ کمپنی‘ (اے بی سی) کے مقبول چیٹ شو ’گڈ مارننگ امریکا‘ میں کیا۔
پروگرام کی میزبان ڈائنے سائیر نے پروگرام کے دوران انہیں ان سے متعلق پرانی اسٹوری دکھائی اور اس اسٹوری میں بیان کیے گئے حقائق سے متعلق ان سے سوالات پوچھے۔
ڈیمی مور نے پروگرام میں دکھائی جانے والی اسٹوری میں بیان کیے گئے حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ایک عمر رسیدہ شخص نے ان کا 15 برس کی عمر میں ’ریپ‘ کیا۔
ڈیمی مور کے مطابق جس شخص نے ان کا ’ریپ‘ کیا وہ انہیں جانتی تھیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی والدہ نے محض 500 امریکی ڈالر کے عوض ان کا ’ریپ‘ کروایا؟ تو انہوں نے نیم آبدیدہ ہوکر کہا کہ ان کے خیال میں یہ درست نہیں ہے کہ ان کی والدہ نے ان کا ’ریپ‘ 500 ڈالرز کے عوض کروایا۔
تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کی والدہ نے عمر رسیدہ شخص کو ان کے ساتھ وقت گزارنے کی سہولت فراہم کی۔
گڈ مارننگ امریکا کی ویب سائٹ کے مطابق ڈیمی مور نے پروگرام کے دوران اپنی زندگی سے متعلق دیگر باتوں پر بھی کھل کر اظہار خیال کیا اور اپنی سوانح عمری ’انسائڈ آؤٹ‘ کے حوالے سے بھی بات کی۔