Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2019 06:25pm

زچگی سے خوفزدہ تھی، سرینا ولیمز

امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیٹی کی پیدائش سے قبل زچگی کے حوالے سے اس حد تک معلومات حاصل کی کہ وقت آنے پر وہ بیٹی کو پیدا کرنے کے عمل سے ہی خوفزدہ ہوگئیں۔

بیج سکس کی رپورٹ کے مطابق ایک ایونٹ کے دوران 37 سالہ سرینا کا کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ اپنی دو سالہ بیٹی اولمپیا کو دنیا میں لانے سے ہی ڈرنے لگی تھیں۔

انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'میں مومی اینڈ می نامی کمپنی سے رابطے میں رہی، یہ کمپنی حاملہ عورتوں کی بےحد مدد کرتی ہے، لیکن مجھے اس حوالے سے اتنی زیادہ معلومات مل گئیں کہ میں بیٹی کو پیدا کرنے سے ہی خوفزدہ ہوگئی، میں بس یہی سوچنے لگی کہ میں بیٹی کو پیدا نہیں کروں گی'۔

مزید پڑھیں: سرینا ولیمز سیلف میڈ ارب پتی بننے والی پہلی ایتھلیٹ

سرینا کے مطابق 'میں اپنے والد کے گھر تھی، وقت گزار رہی تھی، کیا آپ جانتے ہیں میں ان چند عورتوں میں سے تھی جو شاید اپنے بچے کو اپنے اندر ہی رکھنا چاہتی تھی، میں بہت زیادہ ڈر چکی تھی، لیکن ایک بات میں ضرور کہوں گی کہ یہ کمپنی عورتوں کی بےحد مدد کرتی ہے'۔

البتہ سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ 'میری زچگی کا وقت بھی بےحد مشکل رہا، مجھے سرجری کے لیے جانا پڑا، ایک منٹ پہلے سب ٹھیک تھا، البتہ اس کے بعد والا لمحہ سب بدل گیا، وہ ایک بالکل الگ قسم کا ڈر تھا'۔

زچگی کے بعد سرینا ولیمز کو ڈپریشن کا بھی سامنا رہا۔

خیال رہے کہ سرینا ولیمز کی شادی 2017 میں الیکس اوہانین کے ساتھ ہوئی تھی۔

اپنے بچے کی پیدائش کے بعد دوبارہ ٹینس کورٹ کا رخ کرنے والی سرینا ولیمز اب تک 23 گرینڈ سلم اپنے نام کرچکی ہیں، تاہم انہیں مارگریٹ کورٹ کے 24 گرینڈ سلم کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے ایک ٹائٹل درکار ہے۔

اس حوالے سے سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ ‘میں ریکارڈ کا پیچھا نہیں کر رہی، میں بس گرینڈ سلم جیتنے کی کوشش کر رہی ہوں‘۔

Read Comments