Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2019 12:04pm

بینک آف خیبر کے سربراہ برطرف

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے بینک آف خیبر کے سربراہ کو برطرف کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرکاری بینک کی جانب سے جاری ہونے والے سرکلر میں کہا گیا کہ اتھارٹی کے فیصلے کے مطابق بینک آف خیبر کے منیجنگ ڈائریکٹر سیف الاسلام سے خدمات فوری واپس لے لی گئی ہیں جس کا اطلاق فوری ہوگا۔

مزید پڑھیں: بینک آف خیبر کے ایم ڈی اور وزیر خزانہ میں صلح ہوگئی

بینک کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اور سرکلر میں کہا گیا کہ بینک کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ اپنے ملازمین کی مزاحمتی سرگرمیوں سے دور رہے، جس میں میڈیا سے رابطہ بھی شامل ہے۔

ادھر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ سیف الاسلام کی برطرفی کا فیصلہ صوبائی کابینہ میں کیا گیا تھا۔

9 ماہ قبل بینک کا حصہ بننے والے سیف الاسلام نے ڈان کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے بورڈ کے رکن کے خلاف کرپشن کے الزامات پر نیب انکوائری سے بچنے کے لیے انہیں استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بینک آف خیبر کے سربراہ کی برطرفی کے نوٹیفکیشن پر حکم امتناع جاری

ان کا کہنا تھا کہ بورڈ کے رکن کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اکانومی کلاس میں سفر کرکے بزنس کلاس کے پیسے لینے پر پہلے بھی تحقیقات کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ اس بینک میں 2 سال کے دوران دوسری مرتبہ انتظامی بحران سامنے آیا۔

Read Comments