Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2019 11:25pm

کندھ کوٹ: 70 سے زائد فراریوں نے ہتھیار ڈال دیئے

سندھ کے شہر کندھکوٹ میں 70 سے زائد فراریوں نے رینجرز، پولیس اور سول حکام کی موجودگی میں ہتھیار ڈال دیئے۔

کندھکوٹ کے 82 ونگ شہباز رینجرز کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران علاقے کے تیغانی، جاگیرانی، چولیانی، میرانی، سبزوئی، جتوئی، سرکی، نندوانی و دیگر قبائل سے تعلق رکھنے والے 70 سے زائد فراریوں نے غیر قانونی اور مجرمانہ فعل ترک کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

تقریب میں فراریوں نے اپنا اسلحہ و گولیاں سیکٹر کمانڈر شہباز رینجرز کرنل محمد ساجد کے حوالے کیا۔

مزید پڑھیں: ہتھیار ڈالنے والے فراری کمانڈر کا 'را' کیلئے کام کرنے کا اعتراف

— فوٹو: ویب ڈیسک

اس موقع پر ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ، ڈپٹی کمشنر کشمور منور علی مٹھیانی اور ایس ایس پی کشمور اسد رضا شاہ بھی موجود تھے۔

قومی دھارے میں شامل ہونے والوں نے آئندہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں اور مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث نہ ہونے کے عزم کا اظہار کیا اور انہیں قومی دھارے میں لانے کے لیے سندھ رینجرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اب اس پاک سرزمین کی سلامتی اور تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ہمیشہ ملک و قوم کے وفادار رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'بلوچستان میں 50 فراری کیمپ فعال'

سیکٹر کمانڈر شہباز رینجرز کرنل محمد ساجد، ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ، ڈپٹی کمشنر کشمور منورعلی مٹھیانی اور ایس ایس پی اسد رضا شاہ نے قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کو قومی پرچم اور دیگر تحائف پیش کیے اور ان کے قومی دھارے میں شامل ہونے کے جذبے کو بھی سراہا۔

Read Comments