Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2019 02:54pm

بھارت ڈیوس کپ کی پاکستان سے منتقلی کیلئے پرامید

بھارت نے پاکستان میں شیڈول ڈیوس کپ ٹائی کے سلسلے میں ویزوں کے لیے درخواست دے دی ہے تاہم وہ اب بھی میچز کی اسلام آباد سے منتقلی کے لیے پرامید ہیں۔

ایشیا اوشیانا گروپ ون ٹائی 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد میں ہونا تھے لیکن سیکیورٹی وجوہات کے سبب انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے مقابلوں کو نومبر تک ملتوی کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارت کا ڈیوس کپ کا مقام پاکستان سے منتقل کرنے کا مطالبہ

آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ہیرونموئے چیٹرجی نے رائٹرز سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ میچز کو پاکستان سے منتقل کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ویزا کے لیے درخواست دے دی ہے لیکن ابھی بھی میچز کے مقام کے حوالے سے حتمی منظوری کے منتظر ہیں۔

چیٹرجی نے کہا کہ ہم نے میچز کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست دی تھی جس پر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ہمیں 3نومبر تک حتمی جواب دینے کا وعدہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

یاد رہے کہ ملک میں سیکیورٹی خدشات اور غیرملکی ٹیموں کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار کے سبب پاکستان ایک دہائی سے زائد عرصے سے اپنے ڈیوس کپ ٹائی نیوٹرل مقام پر کھیلنے پر مجبور تھا۔

اس دوران ایران 2017 میں ڈیوس کپ ٹائی کے لیے 12 سال بعد پاکستان آنے والی پہلی ٹیم بنی تھی جبکہ ہانک کانگ نے دورہ پاکستان سے انکار کردیا تھا جس کے سبب انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ان کی تنزلی کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

Read Comments