Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2019 05:14pm

ٹک ٹاک اسٹار کی دفترخارجہ میں موجودگی پر تحقیقات کا آغاز

ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک سے مشہور ہونے والی پاکستانی خاتون حریم شاہ ملک کے معروف اینکر مبشر لقمان کے ذاتی جہاز کے بعد اب دفترخارجہ اور اعلیٰ سطح اجلاس کے لیے مختص کمرے میں بھی پہنچ گئیں، جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔

حریم شاہ کو دفتر خارجہ کی لابی میں بھی دیکھا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر حریم شاہ کی ایک ٹک ٹاک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں اس کمرے میں دیکھا گیا تھا، جہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹک ٹاک ماڈلز کی مبشر لقمان سے معافی، 'وطن کا چمکتا تارہ' قرار دے دیا

ذرائع نے بتایا کہ یہ روم دفتر خارجہ کی چوتھی منزل پر ہے اور اس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد ہوتے ہیں۔

اسی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ حریم شاہ ایک کرسی پر بیٹھتی ہیں جو اس کانفرنس ہال میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی سربراہی کرنے والے شخص کے لیے مختص ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اس ٹک ٹاک ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد دفتر خارجہ حرکت میں آگیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کردیں۔

ذرائع کے مطابق اس بات کی تحقیقات کی جائیں گی کہ حریم شاہ کس کی اجازت سے کمرے کے اندر داخل ہوئیں۔

ساتھ ہی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس بات کی تحقیقات بھی کی جائیں گی کہ حریم شاہ کو ٹک ٹاک بنانے کی اجازت کس نے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مبشر لقمان کا ٹک ٹاک ماڈلز پر 'چوری' کا الزام

ذرائع نے بتایا کہ یہ ٹک ٹاک ویڈیو کچھ روز قبل بنائی گئی تھی تاہم یہ وائرل بعد میں ہوئی۔

تاہم حریم شاہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر حالیہ پوسٹس میں دفتر خارجہ کے کانفرنس میں ہال میں موجودگی کی ویڈیو شیئر کی گئی، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے وہ تصاویر بھی شیئر کیں جس میں انہیں اجلاس کے سربراہ کے لیے مختص نشست پر بیٹھا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ یہ ٹک ٹاک اسٹار کسی تنازع کی زد میں آئی ہیں بلکہ اس سے قبل ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ اور صندل خٹک کا معروف صحافی مبشر لقمان کے درمیان سامنے آنے والا تنازع عدالت تک پہنچ گیا تھا۔

ہوا کچھ یوں تھا کہ ماہ اگست میں حریم شاہ اور صندل خٹک نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر کچھ ایسی ویڈیوز شیئر کیں تھی، جس میں انہیں نامور اینکر مبشر لقمان کے ذاتی جہاز میں دیکھا گیا تھا۔

ان ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد مبشر لقمان نے ان دونوں خواتین پر جہاز سے قیمتی سامان چوری کرنے کا الزام لگایا تھا۔

مزید پڑھیں: مبشر لقمان اور ٹک ٹاک اسٹارز کے درمیان قانونی جنگ کا آغاز

تاہم بعد ازاں حریم شاہ اور صندل خٹک نے ایک نئی ویڈیو میں مشہور اینکر مبشر لقمان سے معافی مانگتے ہوئے انہیں 'وطن کا چمکتا دمکتا تارہ' قرار دیا تھا۔

ساتھ ہی ان دونوں اسٹارز نے اپنی ویڈیو میں اینکر سے معافی مانگ کر اس معاملے کو یہی ختم ہونے کی امید کا اظہار کیا تھا لیکن بعد ازاں ٹی وی اینکر نے لاہور ہائی کورٹ میں دونوں خواتین سمیت پنجاب کے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے خلاف بھی مقدمہ دائر کرنے کی درخواست دے دی تھی۔

مبشر لقمان نے الزام لگایا تھا کہ فیاض الحسن چوہان کی ایما پر یہ دونوں خواتین ان کے جہاز میں آئیں اور قیمتی چیزیں چرالیں، جن میں لاکھوں روپے مالیت کے کیمرے اور دیگر سامان شامل ہیں۔

علاوہ ازیں حریم شاہ اور صندل خٹک نے بھی لاہور کی ضلعی عدالت میں مبشر لقمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی تھی۔

Read Comments