Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2019 12:58pm

پشاور: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا ڈی ایس پی شہید

پشاور میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) غنی خان متعینہ شہید ہوگئے۔

ابتدائی تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی غنی خان متعینہ اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ چمکنی کے علاقے میں چند نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

مزیدپڑھیں: خیبرپختونخوا: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کے قتل کے خلاف صوبے بھر میں احتجاج

ملزمان کی فائرنگ سے ڈی ایس پی غنی خان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ گاڑی میں سوار میں گن مین راشد اور ڈرائیور ناصر سمیت 2 راہ گیر زخمی ہوگئے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

علاوہ ازیں بتایا گیا کہ ڈی ایس پی غنی خان متعینہ کی فیملی کا اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ جائیداد پر تنازع چلا آ رہا تھا۔

دوسری جانب پولیس واردات سے متعلق کچھ نہیں کہنے سے گرایزاں ہے کہ آیا یہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے یا کوئی تخریب کاری کا واقعہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی مغوی پولیس افسر کے افغانستان میں قتل کی اطلاعات

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے قتل کا نوٹس لے لیا۔

وزیر اعلیٰ نے آئی جی خیبرپختونخوا کو معاملے کی تفتیش جلد مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

Read Comments