Dawn News Television

شائع 13 دسمبر 2019 06:50pm

وزیراعظم کی بورس جانسن کو برطانوی انتخابات میں کامیابی پرمبارکباد

وزیراعظم عمران خان نے برطانیہ کے وزیراعظم اور کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ بورس جانسن کو عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکبا دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘وزیراعظم بورس جانسن کو برطانیہ کے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک ہو’۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے اچھے تعلقات کا عزم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘میں ان کے ساتھ کام کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہوں’۔

وزیراعظم عمران خان اور بورس جانسن کے درمیان وزیراعظم بننے سے قبل بھی اچھے تعلقات تھے اور جب 2016 میں بورس جانسن برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ کے طور پر اسلام آباد آئے تھے تو اس وقت بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ بورس جانسن نے رواں برس اکتوبر میں بریگزٹ کے حوالے سے قائم ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کے لیے ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کیا تھا اور اپوزیشن کی منظوری کے بعد 12 دسمبر 2019 کو انتخابات طے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:برطانوی انتخابات: کنزرویٹوز پارٹی نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی

گزشتہ روز منعقد ہوئے انتخابات میں بورس جانسن کی قیادت میں کنزرویٹو پارٹی نے اب تک موصول نتائج میں واضح برتری حاصل کرلی جہاں 650 اراکین کے پارلیمان میں ان کی پارٹی کو 326 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ برطانوی شہریوں نے کنزرویٹو جماعت کی حکومت کو بریگزٹ اور ملک کو متحد کرنے کے لیے ’نیا اور طاقتور مینڈیٹ دیا ہے‘۔

قبل ازیں قدامت پرست جماعت کنزرویٹو کے حوالے سے پیش گوئی کی گئی تھی کہ برطانوی پارلیمان کی 650 نشستوں میں سے 368 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگی جو اس جماعت کی 3 دہائیوں میں سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔

اب تک کے سامنے آنے والے نتائج میں 650 میں سے 600 نشستوں کا نتیجہ سامنے آچکا ہے جس میں کنزرویٹوز نے 326 نشستیں حاصل کرلیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں 5 سال سے کم عرصے میں یہ تیسرے عام انتخابات ہیں جو 100 برس میں پہلی مرتبہ دسمبر میں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:برطانیہ میں کرسمس سے چند روز قبل ہی عام انتخابات کی منظوری

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے جن میں جرمنی کی چانلسر اینجیلا مرکل اور یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل بھی شامل ہیں۔

ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘بورس جانسن کو اس عظیم کامیابی پر مبارک باد، برطانیہ اور امریکا اب بڑے پیمانے پر نئے کاروباری معاہدے کے لیے آزاد ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ معاہدہ کسی اور معاہدے سے کہیں بڑا اور مزید پرکشش ہو گا جو یورپی یونین سے ہوسکتا ہے’۔

روس کے صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں امید ہے کہ انتخابات جیتنے والی سیاسی طاقتیں کسی بھی ملک میں اپنے نظریے پر آتی ہیں اور دوسرے ممالک سے اچھے تعلقات کا ارادہ رکھتی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم توقع کرے ہیں کہ برطانوی انتخابات کے نتائج جلد ہی واضح ہوں گے’۔

Read Comments