Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2019 01:15am

وزیراعظم عمران خان کا کینیڈا کے ہم منصب جسٹن ٹروڈو کو ٹیلی فون

وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا کے ہم منصب جسٹن ٹروڈو کو حالیہ انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلسل دوسری مرتبہ منصب سنبھالنے پر ٹیلی فون کرکے مبارک باد دی جبکہ کشمیر اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا کے وزیراعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر انہیں مبارک باد دی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو کی قیادت میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

مزید پڑھیں:جسٹن ٹروڈو دوسری مدت کیلئے کینیڈا کے وزیراعظم منتخب

عمران خان نے کینیڈا کے ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کئی ماہ سے جاری مسلسل لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے کی کشیدگی کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ مسئلے کے پرامن حل میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ کینیڈا میں 22 اکتوبر کو عام انتخابات ہوئے تھے جس میں جسٹن ٹروڈو نے کامیابی حاصل کرکے دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ حاصل کی تھی۔

جسٹن ٹروڈو کو ان انتخابات میں توقع کے برخلاف گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں کم نشستیں حاصل ہوئی ہیں تاہم ان کی لبرل پارٹی نے پارلیمنٹ میں موجود دیگر جماعتوں سے زیادہ نشستیں حاصل کرلیں۔

لبرل پارٹی نے سب سے زیادہ 157 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ 338 نشستوں کے ایوان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے 170 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:'سیاہ چہرے' میں تصویر سامنے آنے پر جسٹن ٹروڈو کی معذرت

جسٹن ٹروڈو کی جماعت کو اب اسے کسی بھی قانون سازی کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں ایک اپوزیشن جماعت پر انحصار کرنا پڑے گا۔

لبرل پارٹی سے تعلق رکھنے والے جسٹن ٹروڈو آنجہانی سابق کینیڈین وزیراعظم پیرے ٹروڈو کے بیٹے ہیں۔

خیال رہے کہ کینیڈا کی کل آبادی میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 74 لاکھ ہے جبکہ رواں انتخابات میں ٹرن آؤٹ 65 فیصد رہا جو اب تک کا سب سے بہتر ٹرن آؤٹ ہے۔

حالیہ انتخابات میں خواتین نے ریکارڈ 97 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جس میں کینیڈا کی پہلی مقامی اٹارنی جنرل جڈی ولسن بھی شامل ہیں۔

Read Comments