Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 فروری 2020 07:21pm

شتروگن سنہا کی پاکستانی دورے کے دوران صدر مملکت سے ملاقات

تین دن قبل سوشل میڈیا پر بھارتی اداکار شتروگن سنہا کی پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔

شتروگن سنہا لاہور میں اپنے پرانے دوست اسد احسن کے بیٹے کی شادی میں شرکت کے لیے آئے تھے اور شادی کی تقریب میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔

اسد احسن کے بیٹے احمد اسد کی شادی کی تقریب میں قوالی کی محفل کا بھی انتظام کیا گیا تھا جس سے شتروگن سنہا کافی محظوظ بھی ہوئے۔

شادی کی تقریب کے دوران اداکارہ ریما اور کرن ملک سمیت دیگر اہم شخصیات کو شتروگن سنہا کے ساتھ دیکھا گیا۔

# یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار شتروگن سنہا لاہور میں کیا کررہے ہیں؟

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ شتروگن سنہا نے شادی کی دعوت کے لیے اپنے دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کی تھی۔

ڈان اخبار کے مطابق شتروگن سنہا نے پاکستان کے دورے کے دوران صدر مملکت سے لاہور میں ہی ملاقات کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق صدر مملکت اور بھارتی اداکار کے درمیان پنجاب گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی تھی اور دونوں نے خطے میں امن اور دونوں ممالک کے درمیان امن کو فروغ دینے کے حوالے سے بات کی۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت نے شتروگن سنہا کو پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی گئی کوششوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کرتارپور راہداری سمیت دیگر اقدامات پاکستان کی امن پالیسی کا واضح ثبوت ہیں۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات کی۔

صدر مملکت کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی شتروگن سنہا اور عارف علوی کی ملاقات کی تصاویر شیئر کی گئی اور ساتھ ہی بتایا گیا کہ بولی وڈ اداکار نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 200 دن سے جاری کرفیو اور وہاں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے صدر مملکت کی بات سے اتفاق کیا۔

شتروگن سنہا نے بھی اپنی ٹوئٹ میں صدر مملکت سے ملاقات کی تصویر شیئر کی اور بتایا کہ پاکستانی صدر کی جانب سے ملاقات کی دعوت ملنے پر وہ انتہائی خوش ہیں۔

Read Comments