Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 فروری 2020 09:04pm

خود کو نیب کا افسر ظاہر کرنے والا شخص گرفتار

قومی احتساب بیورو (نیب) نے خود کو نیب کا ڈی جی ظاہر کرکے 'سرکاری افسران سے غیر قانونی کام' کروانے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر ملزم محمد ندیم کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: پریذائیڈنگ افسر کےخلاف جعلی شناخت، دھوکہ دہی کا مقدمہ درج

نیب نے اپنے بیان میں کہا کہ 'گزشتہ 2 برس میں نیب کے جعلی افسران بن کر عوام الناس کو لوٹنے والے 9 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ '

بیان میں عوام سے درخواست کی گئی کہ 'اگر کوئی جعلی افسر بن کر کسی کو ٹیلی فون پر رابطہ کرتا ہے تو اس کی اطلاع ترجمان نیب کو دی جائے'۔

خیال ہے کہ چیئرمین نیب کی جانب سے ٹیلی فون پر نیب کے کسی افسر کو کسی گواہ/ ملزم سے بات نہ کرنے کی ہدایت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے غیرملکیوں کی نگرانی کی اجازت

نیب کے مطابق 'بیورو کو اگر کسی گواہ/ ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے نیب میں بلانا مقصود ہو تو اسے خط لکھ کر بلایا جائے'۔

نیب کے بیان میں چیئرمین کے حوالے سے کہا گیا کہ 'حتی المقدر کوشش کی جائے کہ نیب میں آنے والے ہر شخص سے مقررہ وقت پر ملاقات کی جائے اور اس کی عزت نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھا جائے'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی'۔

Read Comments