پاکستان

سندھ حکومت کا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرنے والے کیلئے انعام کا اعلان

جو ویکسین تیار کرے گا اسے انعام ملے گا، تمام ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور طلبہ ہماری مدد کریں، وزیر اطلاعات سندھ
|

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلان کیا ہے کہ جو فرد اس وائرس کی ویکسین تیار کرے گا اسے انعام دیا جائے گا۔

صوبے کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ 'کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرنے والوں کو انعام دیا جائے گا، (اس سلسلے) میں تمام ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور ریسرچ طلبہ اس میں ہماری مدد کریں'۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کا مقامی طور پر منتقل ہونے والا پہلا کیس

انہوں نے کہا کہ 'جو بھی صحیح ویکسین بنائے گا اس کو انعام بھی دیا جائے گا اور اسے تمام اخراجات بھی سندھ حکومت مہیا کرے گی'۔

قیدیوں کے عدالت میں پیشی سے استثنیٰ پر بھی غور

دوسری جانب حکومت سندھ کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر قیدیوں کے عدالت میں پیشی سے استثنیٰ پر بھی غور کر رہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جیلوں میں موجود قیدیوں کو مخصوص مدت کے لیے عدالتوں میں نہ لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی پیشی سے استشنی کے لیے سندھ حکومت عدالت عالیہ سے رجوع کرے گی، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ سندھ کابینہ نے بھی کورونا وائرس کے سبب قیدیوں کو محدود کرنے کی تجویز دی تھی۔

سندھ حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے جبکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عام سائلین کی بھی عدالتوں میں آمد و رفت محدود کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا پاکستان میں بھی پھیلتی جارہی ہے اور اس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے اور اب تک صوبے میں اس کے 15 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 'پی ایس ایل' کے میچز شائقین کے بغیر ہوں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے 14 کیسز کراچی جبکہ ایک حیدرآباد میں سامنے آیا ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں 5 کیسز گلگت بلتستان اور ایک بلوچستان میں آیا ہے جس کے بعد ملک میں مجموعی طور کیسز کی تعداد 21 ہوچکی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس

تاہم بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی 'غلط فہمی' کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔

’کورونا وائرس کا خوف‘ ڈزنی لینڈ کے دنیا بھر میں پارک بند

مسلم لیگ (ن) کا کورونا وائرس پر پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ

کورونا وائرس کا خطرہ: 14 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل سے دستبردار