Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2020 11:34pm

روس میں کورونا وائرس کے سبب 22 اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کورونا وائرس کے سبب ملک میں آئینی تبدیلی کے لیے ہونے والے انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ 22 اپریل کو ہونے والے انتخابات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے 19ہزار سے زائد ہلاکتیں، 4لاکھ 35ہزار افراد متاثر

پیوٹن نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح لوگوں کی صحت، زندگی اور حفاظت ہے لہٰذا میرا ماننا ہے کہ ووٹ کو ملتوی کردیا جائے۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ وائرس کا تیزی سے پھیلاؤ روکنے کے لیے روس کے عوام آئندہ ایک ہفتہ کام نہیں کریں گے۔

تاہم روس کے صدر نے خبردار کیا کہ ملک کے وسیع رقبے کے پیش نظر اس میں وائرس کا مکمل طور پر پھیلاؤ روکنا ناممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے سبب ملک کی معیشت شدید دباؤ میں ہے لیکن اس کے باوجود ہم عوام کی فلاح کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی کے بعد اسپین میں بھی کورونا سے چین سے زیادہ ہلاکتیں

بدھ کو روس نے کورونا وائرس کے مزید 163 کیسز کی تصدیق کردی ہے جس سے روس میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 658 ہو گئی ہے۔

روس کی جانب سے پہلے ہی کورونا وائرس کے لیے اقدامات اٹھاتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

روس نے ملک میں تمام ثقافتی سرگرمیوں، کھیلوں کے مقابلوں، سینما، نائٹ کلب اور ریسٹورنٹس سمیت عوام کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔

دوسری جانب روس کی عدالت اور پارلیمنٹ نے ملک میں مجوزہ تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے جس میں پیوٹن کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر عائد کی گئی پابندی کا خاتمہ بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: لیبیا و لاؤس میں پہلے کورونا کیسز کی تصدیق، یمن و منگولیا اب بھی محفوظ

اس پابندی کے خاتمے کے بعد گزشتہ چار مرتبہ سے صدر منتخب ہونے والے پیوٹن مزید دو مرتبہ روس کے صدر منتخب ہونے کے اہل ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا کے بیشتر ملکوں میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جہاں اب تک 19 ہزار سے زائد افراد وائرس کے سبب لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

Read Comments

جب پاکستان ورلڈ چیمپیئن بنا

وسیم کی جانب سے ایلن لیمب اور کرس لوئس کو کرائی گئی لگاتار دو گیندوں نے وکٹیں اکھاڑ پھینکیں اور انگلش ٹیم سنبھل نہ سکی