Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2020 10:57pm

بچوں کی خاطر اکٹھے رہنے پر ریتھک روشن سابقہ اہلیہ کے شکرگزار

کورونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر میں لوگ گھروں تک محدود ہورہے ہیں وہیں بھارت میں بھی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوا ارب سے زائد آبادی کو 21 روز کے لیے لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کردیا۔

جہاں بھارت کی عام عوام حکومت کے اس فیصلے کو فالو کررہی ہے وہیں بولی وڈ کے ستارے بھی مداحوں کو اپنے گھروں تک محدود رہنے کا پیغام دیتے نظر آرہے ہیں۔

بولی وڈ کے نامور اداکار ریتھک روشن بھی کورونا وائرس کے باعث سماجی فاصلے کو ترجیح دے رہے ہیں وہیں انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کورونا وائرس کے باعث ان کی سابقہ اہلیہ سوزین خان فی الحال ان کے ساتھ ان کے گھر میں ہی رہ رہی ہیں۔

ریتھک روشن کے مطابق سوزین خان دونوں بیٹوں کی خاطر اپنا گھر چھوڑ کر عارضی طور پر ان کے گھر منتقل ہوئیں جس کے لیے وہ ان کے شکر گزار بھی ہیں۔

بولی وڈ اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے گھر کی ایک تصویر شیئر کی جس میں سوزین خان بھی نظر آئیں۔

اس پوسٹ پر اداکار نے لکھا کہ ’میرے لیے یہ سوچنا ناقابل یقین تھا کہ میں ایسے وقت میں اپنے بچوں سے دور رہوں جب ملک میں لاک ڈاؤن کیے جارہے ہیں، یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے کہ ایسے وقت میں لوگ ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں’۔

مزید پڑھیں: ریتھک روشن کا بیوی سے علیحدگی کا فیصلہ

ریتھک روشن نے مزید لکھا کہ ’یہ تصویر میری سابقہ اہلیہ سوزین کی ہے، جو خوشی خوشی اپنا گھر چھوڑ کر عارضی طور پر یہاں موجود ہیں تاکہ ہمارے بچے اس وقت ہم دونوں میں سے کسی سے بھی الگ نہ رہیں‘۔

اپنی سابقہ اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ریتھک روشن نے لکھا کہ ’بچوں کی تربیت کے اس سفر میں مجھے سمجھنے کے لیے اور اس تعاون کے لیے تمہارا شکریہ‘۔

خیال رہے کہ سال 2000 میں ریتھک روشن نے سوزین خان سے چار سالہ دوستی کو رشتے داری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ان دونوں کے دو بیٹے ہیں۔

ان دونوں کی 2013 میں طلاق ہوگئی تھی، اس وقت ریتھک روشن کا کہنا تھا کہ سوزین نے 17 سالہ رشتے کے خاتمے اور علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے، یہ دونوں ہی خاندانوں کے لیے انتہائی کڑا وقت ہے اور میں میڈیا اور لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس وقت ہماری پرائیویسی کا احترام کرے۔

طلاق کے کچھ سالوں بعد سے ہی ایسی خبریں سامنے آنا شروع ہوگئیں تھی کہ ان دونوں میں صلاح ہوگئی ہے اور یہ دونوں جلد دوبارہ شادی کرلیں گے البتہ ان دونوں نے ہی ان افواہوں کو بےبنیاد قرار دیا۔

Read Comments