Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2020 11:44pm

نامور اداکار مرزا شاہی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

پاکستانی فلم اور ڈراما انڈسٹری کے نامور اور سینئر اداکار مرزا شاہی عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرزا شاہی میں گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے باعث وہ سول ہسپتال کراچی میں زیرعلاج تھے۔

بعدازاں طبیعت بگڑنے پر انہیں 2 روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن معروف اداکار جانبر نہ ہوسکے۔

مزید پڑھیں: ’میں زندہ ہوں‘

ان کے انتقال کی تصدیق میزبان ندا یاسر اور اداکار یاسر نواز نے بھی انسٹاگرام پر جاری مختلف پوسٹس میں کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یاسر نواز نے ایک پوسٹ میں اداکار مرزا شاہی کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی تھی۔

یاسر نواز نے لکھا تھا کہ مرزا شاہی صاحب کے لیے دعا کریں، ان کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔

چند روز قبل اداکار عدنان صدیقی نے بھی مرزا شاہی کی صحتیابی کی لیے دعا کی اپیل کی تھی اور اداکار کی کورونا وائرس سے صحتیابی کی امید کا اظہار کیا تھا۔

یاد رہے کہ مرزا شاہی نے 1965 میں پاکستانی فلم ’بہانا‘ کے ایک گانے میں پرفارم کرنے کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

مرزا شاہی ’چکوری‘، ’چھوٹے صاحب‘ اور نوکر وٹی دا‘ جیسی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔

وہ جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے مقبول کامیڈی ڈرامے ’نادانیاں‘ میں بھی کام کرچکے ہیں اور چچا کمال کے طور پر ان کی کامیڈی اداکاری کو اس ڈرامے میں بےحد پسند کیا گیا تھا۔

معین اختر کے ساتھ ان کا ڈرامہ عید ٹرین بھی مداحوں میں کافی مقبول رہا۔ اس کے علاوہ بھی وہ کئی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: معروف اسٹیج و ٹی وی اداکار صغیر الٰہی کورونا کے باعث انتقال کرگئے

ان کا اصل نام مرزا اصغر بیگ ہے، تاہم انہوں نے شوبز انڈسٹری میں مرزا شاہی کے نام سے مقبولیت حاصل کی۔

خیال رہے کہ ان کے علاوہ پاکستان کے مختلف اداکار و گلوکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سکینہ سموں، ندا یاسر، یاسر نواز، روبینہ اشرف وغیرہ شامل ہیں۔

21 مئی کو کورونا کے باعث سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں اور ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی بھی چل بسے تھے۔

صغیر الہٰی کھچی کا تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تھا اور ان کے دیگر اہل خانہ اور رشتہ دار بھی وبا میں مبتلا ہوچکے تھے، جب کہ ان کے محلے کے 10 افراد بھی کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے تھے۔

Read Comments