Dawn News Television

شائع 02 دسمبر 2020 06:41pm

کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 12ہزار رنز بنانے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔

ویرات کوہلی کی جانب سے نت نئے عالم یریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے سچن ٹنڈولکر کو ایک اور عالمی ریکارڈ سے محروم کردیا۔

مزید پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ: پاکستانی دستے کے آٹھویں رکن کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا

مایہ ناز بلے باز نے آج آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں 63 رنز کی اننگز کے دوران کیریئر کی 60ویں نصف سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 12ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔

انہوں نے 242ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا اور اس طرح اس سے قبل اس اعزاز کے مالک سچن ٹنڈولکر سے 59 کم اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ 18ہزار 426 رنز بنانے والے سچن رمیش ٹنڈولکر نے 300اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

کوہلی نے اپنے ڈٰبیو کے بعد سب سے کم وقت میں بھی یہ سنگ میل عبور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا اور ٹنڈولکر کو اس لحاظ سے بھی ریکارڈ سے محروم کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: لنکا پریمیئر لیگ میں شاہد آفریدی کی افغان کرکٹر سے تلخ کلامی

کوہلی نے ڈیبیو کے بعد 12سال 106دن میں 12ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا جبکہ ٹنڈولکر نے 1989 میں ڈیبیو کے بعد اس ہندسے عبور کرنے میں 13سال 73دن لگائے تھے۔

کوہلی کو ون ڈے کرکٹ میں سب سے کم اننگز میں 8ہزار، 9ہزار، 10 ہزار اور 11ہزار رنز اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

Read Comments