Dawn News Television

شائع 13 دسمبر 2020 03:45pm

پاکستانی نژاد ڈاکٹر نے اسمارٹ فون کے ذریعے کووڈ 19 کا فوری ٹیسٹ متعارف کروادیا

اسلام آباد: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹر نے اسمارٹ فون کا استعمال کرتے ہوئے کووِڈ 19 کا فوری تشخیصی ٹیسٹ متعارف کروادیا۔

کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے ڈاکٹر نقیب خالد کو اس غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد دی۔

مونٹریال میں 2 فوٹون ریسرچ اِن کارپوریٹڈ میں ڈائریکٹر میڈیکل ڈیوائس پروگرام کی حیثیت سے اسمارٹ فون کے ذریعے کووڈ 19 کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر نقیب خالد سے پاکستانی ہائی کمشنر نے ویڈیو گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی ایک منٹ میں تشخیص کرنے والا ٹیسٹ تیار

ویڈیو میں ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ اسمارٹ فون کے ذریعے کووِڈ ٹیسٹ ظاہر کرنا اور اسے آگے پہنچانے کا خیال عمدہ اور قابل ستائش ہے۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ جنجھٹ سے آزاد، قابل رسائی اور سستی ایجاد موجودہ عالمی وبا پر قابو پانے اور وائرس پھیلنے والے وبائی امراض مثلاً ڈینگی سے لڑنے میں انسانیت کے لیے بے حد معاون ثابت ہوگی۔

ہائی کمشنر نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اس ایجاد کے کلینک ٹرائلز کووِڈ 19 ٹیسٹ کے لیے اس کی افادیت کو ثابت کریں گے اور عوامی سطح پر استعمال کے لیے درکار منظوری کی راہ ہموار کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے پھیپھڑوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کا جدید آلہ تیار کرلیا

انہوں نے ڈاکٹر نقیب خالد اور ان کے بھائی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جنہوں نے انجینئرنگ اور سائنس مضامین کے مختلف شعبوں میں اپنے پس منظر کی وجہ سے ان سے اشتراک کیا تھا۔

ڈاکٹر نقیب خالد نے 1983 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کے بعد میڈیکل آلات اور نظام میں ایجادات کا تجربہ حاصل کیا تھا۔

انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر کو بتایا کہ ان کی ایجاد ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی بنیاد پر ہے جو نتائج کو فوری طور پر کسی بھی اسمارٹ فون پر ظاہر کردیتا ہے بلکہ وقت اور جی پی ایس معلومات کے ساتھ ان نتائج کو محفوظ اور آگے بھی بڑھا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے پھیپھڑوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کا جدید آلہ تیار کرلیا

ڈاکٹر نجیب خالد نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایپلیکشن اسٹور پر ایک اسمارٹ فون ایپ ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین کے ساتھ ساتھ عالمی وبا کی روک تھام کے لیے ایسے فوری، درست اور کم قیمت ٹیسٹ ضروری ہیں جو لیبارٹری پر منحصر نہ ہو۔

پاکستانی نژاد ڈاکٹر نے کہا کہ ہم کووِڈ 19 کا پھیلاؤ کنٹرول کر کے زندگی اور معیشتوں کو معمول پر لاسکتے ہیں۔

Read Comments