علامات سے قبل کووڈ 19 کے شکار ہونے کا عندیہ دینے والی اسمارٹ رنگ
ایک اسمارٹ رنگ (انگوٹھی) کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کو قبل از وقت پکڑنے میں مدد دے سکتی ہے۔
امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں فن لینڈ کی ایک کمپنی اورا کی تیار کردہ اسمارٹ رنگ کو آزمایا گیا، جو جسمانی درجہ حرارت اور دل کی دھڑکن کی رفتار سمیت دیگر ڈیٹا کو اکٹھا کرنے کے ساتھ کووڈ 19 سے منسلک بخار کی شناخت بھی کرسکتی ہے۔
یہ ڈیوائس تھرما میٹر کے مقابلے میں بیماری کی پیشگوئی کے لیے زیادہ بہتر ثابت ہوسکے گی، جس سے جلد آئسولیشن اور ٹیسٹنگ میں مدد مل سکے گی اور وبائی مرض کو پھیلنے سے روکنا ممکن ہوسکے گا۔
یہ فی الحال ابتدائی تحقیق ہے، جس میں 50 ایسے افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو پہلے کووڈ 19 سے متاثر ہوچکے تھے۔
طبی جریدے جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ یہ اسمارٹ رنگ کووڈ 19 کی علامات کے شکار افراد کے زیادہ جسمانی درجہ حرارت کی درست شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ تو ابھی معلوم نہیں کہ کووڈ 19 کے بغیر علامات والے مریضوں میں یہ اسمارٹ رنگ بیماری کو پکڑنے میں کس حد تک موثر ہے، مگر محققین نے تحقیق میں شامل 50 میں سے 38 افراد میں بخار کو اس وقت دیکھا جب دیگر علامات رپورٹ نہیں ہوئی تھیں یا سامنے نہیں آئی تھیں۔
محققین نے 50 میں سے ہر فرد کا کے جسمانی درجہ حرارت کے ڈیٹا کا جتزیہ کئی ہفتوں تک کیا۔
انہوں نے بتایا کہ متعدد عناصر جسمانی درجہ حرارت پر اثرانداز ہوتے ہیں اور صرف جسمانی درجہ حرارت کی جانچ پڑتال کرنا زیادہ موثر نہیں۔