Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2020 03:12pm

بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر، رضوان قیادت کریں گے

پاکستانی ٹیم کی مینجمنٹ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، بابراعظم انجری کے سبب میچ کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے اور محمد رضوان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26دسمبر کو ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلا جائے گا اور محمد رضوان پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

مزید پڑھیں: مصباح کی جگہ محمد وسیم نئے چیف سلیکٹر مقرر

بابر اعظم انگوٹھے میں فریکچر کے سبب ٹی20 سیریز میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے، اب وہ اور اوپننگ بلے باز امام الحق پہلے ٹیسٹ میچ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔

ٹور سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ سال قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز عمران بٹ کو بھی 17رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

عمران بٹ نے گزشتہ سال ملک کے صف اول کے ڈومیسٹک مقابلے میں 62 کی اوسط سے 934 رنز بنائے تھے۔

بابراعظم کی غیرموجودگی میں قیادت کا منصب سنبھالے والے محمد رضوان کھیل کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33 ویں کپتان ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ، بھارتی ٹیم صرف 36 رنز پر ڈھیر

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ اے کو واحد چار روزہ میچ میں 89رنز سے شکست دی تھی جس میں نوجوان روحیل نذیر اور تجربہ کار فواد عالم نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں فہیم اشرف کی واپسی ہوئی ہے جبکہ کورونا کی وجہ سے دورہ انگلینڈ سے دستبردار ہونے والے حارث سہیل بھی ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز ہارنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی انفرادی اور ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے صلاحیتوں میں نکھار لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 اسکواڈ کے برعکس ٹیسٹ اسکواڈ قدرے تجربہ کار ہے، ہمارے پاس تجربہ کار بلے باز اور باؤلرز ہیں لہٰذا ہم اچھا کھیل پیش کریں گے۔

بابر اعظم کی انجری کے حوالے سے ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر اعظم کی انجری کو دو ہفتے گزرنے کے باوجود نیٹ سیشنز کے بغیر ٹیم میں ان کی ٹیم خود ان کے اور ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: عامر احتجاجاً ریٹائرڈ، 'موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ نہیں کھیل سکتا'

مصباح نے امید ظاہر کی کہ ٹیم ٹی20 سیریز میں ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کےلیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

محمد رضوان(کپتان)، اظہر علی، سرفراز احمد، عمران بٹ، شاداب خان، عابد علی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف۔

Read Comments