Dawn News Television

شائع 27 جنوری 2021 11:34pm

وزیر قانون کی کوٹہ سسٹم کا غلط استعمال کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت

وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کوٹہ سسٹم کے غلط استعمال اور جعلی ڈومیسائل حاصل کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملائیکہ بخاری، وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر اعجاز منیر سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کا 'جعلی' ڈومیسائل، پی آر سی پر بھرتیوں کی تحقیقات کا مطالبہ

شرکا نے آئین کے آرٹیکل 27 (1) میں ترمیم سے متعلق کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں مذکورہ آرٹیکل میں ترمیم کے حوالے سے اٹارنی جنرل آف پاکستان سے رائے لینے پر اتفاق کیا گیا۔

بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا کہ کوٹہ سسٹم کے غلط استعمال اور جعلی ڈومیسائل حاصل کرنے کے مرتکب افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، اس عمل کی حوصلہ شکنی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے کوٹہ سسٹم کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس 22 اپریل کو آئین کے آرٹیکل 27 (1) میں ترمیم لانے سے متعلق کمیٹی تشکیل دی تھی۔

کمیٹی کو مذکورہ آرٹیکل میں ترمیم کے مستقبل میں پڑنے والے مثبت و منفی اثرات سے متعلق جامع تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

Read Comments