ایچ ای سی نے جامعات کو آن لائن امتحانات کی اجازت دے دی

اپ ڈیٹ 28 جنوری 2021
طلبہ نے لاہور میں کیمپس امتحانات کے خلاف احتجاج کیا — فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
طلبہ نے لاہور میں کیمپس امتحانات کے خلاف احتجاج کیا — فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کیمپس میں ہونے والے امتحانات کے خلاف مظاہروں کے بعد طلبہ کے خدشات کا نوٹس لیتے ہوئے آن لائن یا ذاتی حیثیت میں امتحانات لینے کا فیصلہ جامعات کی صوابدید قرار دے دیا۔

اس ضمن میں جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ طلبہ کے خدشات کا جائزہ لیا گیا اور امتحانات سے متعلق معاملات میں جامعات کے وائس چانسلرز سے مشاورت کی گئی۔

مزید پڑھیں: لاہور: کیمپس امتحانات کے خلاف احتجاج جاری، گارڈز سے جھڑپ میں 5 طلبہ زخمی

ایچ ای سی نے کہا کہ جامعات کو امتحانات کے انعقاد کے لیے اپنی صوابدیدی اختیارات استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات آن لائن یا کیمپس میں امتحانات لینے کا فیصلہ خود کریں جو انہیں طلبہ کی کارکردگی کا منصفانہ جائزہ لینے میں مددگار ہو۔

جامعات کے آن لائن امتحانات لینے سے متعلق ایچ ای سی نے کہا کہ جامعات ’اوپن بک امتحانات‘ کا انتظام کریں یا خاص ماحول میں ایک نگرانی کا نظام تشکیل دیں۔

ایچ ای سی نے مزید کہا کہ 'آن لائن امتحانات کی صورت میں جامعات جوابات کی پڑتال کے لیے ٹرنٹین سافٹ ویئر استعمال کرسکتی ہیں'۔

مزید پڑھیں: لاہور: طلبہ کا احتجاج، پولیس کے مبینہ لاٹھی چارج سے متعدد زخمی

کمیشن نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کو جہاں ضرورت ہو زبانی امتحان بھی لیے جا سکتے ہیں۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹوئٹر پر ایچ ای سی کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اس بات پر خوشی ہے کہ ایچ ای سی نے جامعات کو مناسب حفاظتی انتظامات کے ساتھ آن لائن امتحانات کی باضابطہ اجازت دے دی ہے'۔

ایچ ای سی کے نوٹی فکیشن کا عکس شیئر کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ 'اس فیصلے سے جامعات کے لیے آن لائن امتحانات جلد منعقد کرنے کے لیے صحیح طریقہ کار وضع کرنے کی راہ ہموار ہوگی'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنا چاہیے'۔

واضح رہے کہ ایچ ای سی کا یہ بیان کیمپس امتحانات کے خلاف طلبہ کے احتجاج اور ان پر مبینہ طور پر پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد سامنے آیا ہے۔

مزید پڑھیں: جامعہ کراچی کے طلبہ کا سمسٹر امتحانات کے خلاف احتجاج

گزشتہ ہفتے سے ملک بھر خاص طور پر لاہور میں جامعات کے طلبہ کیمپس میں امتحانات کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

طلبہ کا مؤقف ہے کہ عالمی وبا کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونے کی وجہ سے جامعات نے آن لائن کلاسز لیں، اس دوران جامعات نے مختلف مضامین کا نصاب بھی مکمل نہیں کروایا لیکن اب ان اداروں کی انتظامیہ امتحانات کے لیے دباؤ ڈال رہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں