Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2021 07:52pm

ہواوے وائرلیس چارجنگ سسٹم متعارف کرانے کیلئے تیار

ایپل کی 15 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ اور شیاؤمی کے 80 واٹ وائرلیس چارجر کے بعد اب چینی ٹیک جائنٹ ہواوے بھی وائرلیس چارجنگ سسٹم لانے کے لیے تیار ہے۔

ہواوے نے 'وائرلیس چارجنگ سسٹم' کی نئی ٹیکنالوجی کے لیے پیٹنٹ کی درخواست دی ہے جو وسیع ٹرانسمیشن کی رینج کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پبلیکیشن نمبر CN112564295A کا پیٹنٹ وائرلیس چارجنگ ٹیکنالوجی سے متعلق ہے۔

مزید پڑھیں: ہواوے کا نیا اسمارٹ فون وائے 9 اے پاکستان میں متعارف

اس وائرلیس چارجنگ ٹیکنالوجی کے لیے دو ایسے کوائلز درکار ہوتے ہیں جنہیں ایک دوسرے کی مخالف سمت رکھا جائے گا اور دونوں کے مابین فاصلہ ٹرانسمیشن پاور کے انتہائی قریب ہوگا۔

اس پیٹنٹ وائرلیس سسٹم کے ذریعے ہواوے چارجنگ کے فاصلے کو بڑھا سکتا ہے جو بالخصوص پہنی جانے والی ڈیوائسز جیسا کہ اسمارٹ بریسلیٹس اور واچز کے لیے زیادہ موزوں ہوگا۔

حال ہی میں ہواوے نے اعلان کیا تھا کہ وہ موبائل فون بنانے والی کمپنیز سے ان کی پیٹنٹ فائیو جی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی رائیلٹی وصول کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہواوے کے 2 مڈرینج 5 جی اسمارٹ فونز متعارف

کمپنی نے اپنے شینزن ہیڈکوارٹرز سے آئی پی پر وائٹ پیپر جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ انوویشن میں مستحکم سرمایہ کاری کے ذریعے دنیا کی سب سے بڑی پیٹنٹ ہولڈر کمپنی بن گئی ہے۔

وائٹ پیپر کے مطابق 2020 کے اواخر تک ہواواے کے ایک لاکھ سے زائد فعال پیٹنٹس تھے۔

Read Comments